اسلام آباد میں امریکا، ایران جنگ بندی مذاکرات جاری، بات چیت کل تک بڑھنے کا امکان
اسلام آباد (کشمیر ایکسپریس نیوز): ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے مذاکرات کاروں کے درمیان جنگ بندی کے لیے اہم مذاکرات جاری ہیں، جبکہ دن بھر کئی ادوار پر مشتمل بات چیت ہو چکی ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کے مطابق پاکستانی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں جاری مذاکرات کل بھی جاری رہ سکتے ہیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ فریقین سنجیدگی سے کسی نتیجے تک پہنچنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پاکستان ان مذاکرات میں ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان گزشتہ 47 سال سے کشیدگی جاری ہے اور ایسے پیچیدہ معاملات چند گھنٹوں کی نشستوں میں طے نہیں ہوتے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں فریقین اس عمل کے دوران اپنی قیادت سے مسلسل رابطے میں ہیں اور کسی بھی حتمی فیصلے سے قبل مشاورت کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ابتدائی طور پر 10 اپریل کو ایک روزہ مذاکرات کا اندازہ تھا، تاہم مثبت پیش رفت کی صورت میں بات چیت کو مزید جاری رکھا جا سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق مذاکرات کا ماحول مجموعی طور پر مثبت ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ یہ سفارتی عمل خطے میں کشیدگی کم کرنے اور ممکنہ جنگ بندی کی راہ ہموار کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
