وزیراعظم ہاؤس مظفرآباد میں بی آئی ایس پی دفتر کا افتتاح

وزیراعظم ہاؤس مظفرآباد میں بی آئی ایس پی دفتر کا افتتاح ، ریاست کو خود کفالت کی راہ پر گامزن کرینگے: فیصل راٹھور

مظفرآباد (کشمیر ایکسپریس نیوز) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام وہ واحد پروگرام ہے جو بیواؤں اور مستحق خاندانوں کے بچوں کی کفالت میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔

یہ وہ رشتہ ہے جو بی بی شہید کے دنیا سے جانے کے بعد بھی قائم ہے۔حکومت آزاد کشمیر نے خواتین کی آسانی کے لیے وزیراعظم ہاؤس میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کا دفتر قائم کر دیا ہے۔ بے نظیر بھٹو شہید کا وژن تھا کہ مجبور اور غریب خواتین کو حکومت وظیفہ دے تاکہ وہ اپنا گزر اوقات بسر کر سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم ہاؤس مظفرآباد میں بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے نئے دفتر کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اللہ پاک کا شکر ادا کرنا چاہیے کہ حالیہ جنگی صورتحال میں پاکستان کی دنیا میں ثالث کی حیثیت سے اہمیت بنی ہے۔

پوری دنیا کا عالمی جرگہ آج اسلام آباد میں ہو رہا ہے۔ مکار دشمن بھارت ہمیشہ پاکستان کے خلاف بات کرتا تھا اور کہتا تھا کہ مسئلہ کشمیر بائی لیٹرل ایشو ہے، اس پر دنیا میں کوئی ثالثی نہیں کروا سکتا۔ پاکستان کی بڑھتی ہوئی مقبولیت اور حیثیت بھارت کے لیے دکھ کا سبب بنی ہوئی ہے۔

کشمیریوں کو خوشی اور اعتماد ہے کہ پاکستان عالمی جرگہ کروا رہا ہے۔ پاکستان کے اس کردار کے بعد ہمیں امید پیدا ہو گئی ہے کہ ہمارا اصل حق، حق خود ارادیت ضرور مل کر رہے گا۔ مسئلہ کشمیر ہمیشہ سے پاکستان کی ترجیحات میں رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی عام آدمی کی جماعت ہے۔ وزیراعظم کو اتنے بڑے ہاؤس کی ضرورت نہیں۔ اس سے اچھی کیا بات ہو سکتی ہے کہ یہاں یہ دفتر قائم کیا جاتا جہاں ہماری مائیں، بہنیں اور بیٹیاں بیٹھتیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں روایتی سوچوں سے باہر نکلنا ہوگا۔

حکومت نے محدود مدت میں اہم اصلاحاتی اقدامات کیے ہیں جن میں سرمایہ کاری کانفرنس کا انعقاد، اوورسیز کشمیریوں کا اعتماد بحال کرنا، عدالتی اصلاحات، عدالتوں کا قیام اور اوورسیز کمیشن کا قیام شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ زرعی کانفرنس کے ذریعے زراعت اور سیاحت کے شعبوں کو فعال بنا کر ریاست کو معاشی طور پر خود کفیل بنانے کی بنیاد رکھی جا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ طویل المدتی ترقی کے لیے سبسڈی پر انحصار کے بجائے معیشت کو مضبوط کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے پاس وقت کم ہے لیکن اس وقت میں ایک روڈ میپ دے کر جا رہے ہیں۔راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ حکومت بنانے سے قبل پارٹی کو مضبوط کیا، اب 29 حلقوں میں ہمارے مضبوط امیدوار ہیں۔ ہماری حکومت نے عام آدمی کے اعتماد کو بحال کیا، عوام سے رابطہ کیا، کوشش کی کہ کسی کام میں ایک لمحے کی تاخیر نہ ہو۔

کوشش ہے کہ 7،8 ہزار آسامیاں خالی ہیں، تھرڈ پارٹی کے ذریعے میرٹ پر نوجوانوں کو روزگار فراہم کریں۔ الیکشن کو کوئی خطرہ نہیں، ہماری کوشش ہے کہ وقت پر صاف و شفاف انتخابات ہوں۔ میں ایک ہی حلقے سے الیکشن لڑوں گا۔

پوری کوشش ہے کہ ایکشن کمیٹی سے سڑکوں پر آئے بغیر مذاکرات سے معاملات حل ہوں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت جامع روڈ میپ کے تحت ریاست کو خود کفالت کی راہ پر گامزن کرے گی اور دستیاب وسائل کا مؤثر انداز میں استعمال کیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.