معرکۂ حق بنیان المرصوص کو ایک سال مکمل ،قونصلیٹ آف پاکستان بریڈفورڈ میں ایک شاندار ، باوقار تقریب
بریڈفورڈ (کشمیر ایکسپریس نیوز)معرکۂ حق بنیان المرصوص کو ایک سال مکمل ،قونصلیٹ آف پاکستان بریڈفورڈ میں ایک شاندار ، باوقار تقریب منعقد ہوئی جس میں سابق لارڈ میئرز، نومنتخب کونسلرز، سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیات سمیت مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد اور پاکستانی وکشمیری کمیونٹہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران پاک فوج اور قومی سلامتی کے اداروں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا جبکہ معرکۂ حق کی کامیابیوں پر مبنی خصوصی دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔
پاکستان زندہ باد ،پاک فوج پائندہ باد کے فلک شگاف نعرے لگائے گئےتقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا شرکاء نے وطنِ عزیز پاکستان کی سلامتی، استحکام اور ترقی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل زاہد جتوئی نے کہا کہ معرکۂ حق بنیان المرصوص ایمان، اتحاد اور قومی یکجہتی کی روشن علامت ہے۔ انہوں نے جذبۂ ایمانی، حب الوطنی اور قومی دفاع کے حوالے سے تفصیلی اظہارِ خیال کرتے ہوئے پوری قوم کو اس عظیم کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے غزوۂ تبوک کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ تاریخِ اسلام ہمیں یہ درس دیتی ہے کہ حق اور باطل کے معرکوں میں ایمان، صبر اور قربانی فیصلہ کن کردار ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان نے ہمیشہ وطنِ عزیز کے دفاع اور سلامتی کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور پوری قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی مانند کھڑی ہے۔ انہوں نے دشمن قوتوں اور شرپسند عناصر کو دوٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک مضبوط اور ناقابل تسخیر ریاست ہے اور اس کی سالمیت کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا
تقریب سے خطاب کرتے چیئرمین جموں و کشمیر تحریک حق خود ارادیت انٹرنیشنل راجہ نجابت حسین نے کہا کہ پاکستان عالمِ اسلام کی امیدوں کا مرکز ہے جبکہ کشمیری عوام افواجِ پاکستان کی قربانیوں کو قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے پاکستان کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سردار عبدالرحمان نے شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کے انقلابی اشعار پیش کیے جنہیں حاضرین نے بے حد سراہا۔
اقبال کے کلام کے ذریعے نوجوان نسل کو خودی، بیداری اور قومی غیرت کا پیغام دیا گیا۔اور معرکہ حق کی کامیابی پر مبارکباد پیش کی انھوں نے کہا کہ معرکۂ حق بنیان المرصو صرف ایک تاریخی کامیابی نہیں بلکہ قومی اتحاد، دینی جذبے اور پاکستان کے روشن مستقبل کی علامت بھی ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانی ہمیشہ وطنِ عزیز کی ترقی، خوشحالی اور دفاع کے لیے متحد رہیں گے۔نومنتخب کونسلر فلک ناز نے اپنے خطاب میں کہا کہ برطانیہ میں مقیم پاکستانی برادری ہمیشہ وطنِ عزیز کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے اپنی آواز بلند کرتی رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم نے ہر مشکل گھڑی میں اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کیا ہے جو پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہے۔تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی جبکہ شرکاء نے پاک فوج کے حق میں بھرپور نعرے بھی لگائے۔
