ایران نے امریکی شرائط کا جواب دے دیا،رابطے جاری

ایران نے امریکی شرائط کا جواب دے دیا، پاکستانی ثالث کے ذریعے رابطے جاری

تہران (کشمیر ایکسپریس نیوز)ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا کہنا ہے کہ تہران نے امریکی شرائط کا جواب بھجوا دیا ہے جبکہ پاکستانی ثالث کے ذریعے ایران اور امریکا کے درمیان مذاکرات اور شرائط کے تبادلے کا عمل جاری ہے۔

پیر کو ہفتہ وار پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اسماعیل بقائی نے بتایا کہ ایران نے امریکا کو 14 نکاتی منصوبہ پیش کیا تھا، جس پر امریکی فریق نے اپنے خدشات ظاہر کیے۔ ان کے مطابق ایران نے بھی امریکی مؤقف پر اپنی تحفظات اور نکات واضح کر دیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے امریکا نے عوامی سطح پر ایرانی 14 نکاتی منصوبے کو مسترد کر دیا، جس کے بعد پاکستانی ثالث کے ذریعے تہران کو امریکی شرائط اور نکات کا مجموعہ موصول ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران نے ان نکات کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد اپنا جواب بھی پاکستانی ثالث کے ذریعے امریکا تک پہنچا دیا ہے۔ ایرانی ترجمان نے واضح کیا کہ یورینیم افزودگی ایران کا قانونی اور بنیادی حق ہے، جس پر نہ کوئی مذاکرات ہوں گے اور نہ ہی کوئی سمجھوتہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ معاہدہ عدم پھیلاؤ کے تحت ایران کے افزودگی کے حق کو پہلے ہی تسلیم کیا جا چکا ہے۔ اسماعیل بقائی کے مطابق ایران کے مطالبات مکمل طور پر واضح ہیں۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ ایران اپنے منجمد اثاثوں سے پابندیاں ہٹانے کو اپنا بنیادی مطالبہ سمجھتا ہے، جبکہ امریکا اسے اپنی شرائط کے طور پر پیش کر رہا ہے۔

انہوں نے امریکا کو عالمی سطح پر ناقابلِ اعتبار قرار دیتے ہوئے کہا کہ خطے کے ممالک، خصوصاً متحدہ عرب امارات، کو حالیہ واقعات سے سبق سیکھنا چاہیے۔ ان کے بقول خطے میں امریکی موجودگی نے امن و استحکام کے بجائے کشیدگی اور خطرات میں اضافہ کیا ہے

Leave A Reply

Your email address will not be published.