گلگت (کشمیر ایکسپریس نیوز) گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات کے سلسلے میں مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف کو انتخابی مہم میں شرکت کے لیے این او سی جاری کر دیا گیا۔
نجی ٹی وی کے مطابق گلگت بلتستان الیکشن کمیشن نے نواز شریف کو انتخابی سرگرمیوں میں حصہ لینے کی باضابطہ اجازت دے دی ہے، جس کے بعد وہ مسلم لیگ (ن) کے امیدواروں کی حمایت میں جلسوں، عوامی اجتماعات اور انتخابی مہم میں شریک ہو سکیں گے۔
ذرائع کے مطابق این او سی کے اجرا کے بعد مسلم لیگ (ن) نے گلگت بلتستان میں اپنی انتخابی سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارٹی قیادت کا کہنا ہے کہ نواز شریف کی انتخابی مہم میں شرکت سے کارکنوں کا حوصلہ بڑھے گا اور پارٹی امیدواروں کو فائدہ پہنچے گا۔
یاد رہے کہ گلگت بلتستان میں انتخابات کے پیش نظر مختلف سیاسی جماعتوں نے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کر رکھا ہے اور اہم سیاسی رہنماؤں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ نواز شریف کو این او سی جاری ہونے کے بعد سیاسی سرگرمیوں میں مزید تیزی آنے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
