پیپلزپارٹی حکومت نے ریاستی وسائل سے کھلواڑ کیا، فاروق حیدر

مظفرآباد(کشمیر ایکسپریس نیوز) پاکستان تحریک انصاف ضلع مظفرآباد کے سیکرٹری جنرل خواجہ شفیق ن لیگ میں شامل ہو گئے ، سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان ، بیرسٹر افتخار گیلانی ، نورین عارف و دیگر نے انہیں خوش آمدید کہا ،

شمولیت کی بڑی تقریب دارالحکومت کے نجی ہوٹل میں منعقد ہوئی ، جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی ، اس موقع پر منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ 2021ء کے انتخابات میں عمران خان نے مداخلت کے ذریعے ہم سے مینڈیٹ چھینا

، اب وقت آ گیا ہے کہ ہمیں بے روزگاری کے خاتمے ، پائیدار ترقی اور خوشحالی کیلئے جامع پالیسی کے ساتھ کام کرنا ہو گا، میں کسی عہدے کے لیے اُمیدوار نہیں جہاں جماعت کی ضرورت ہوئی رہنمائی کروں گا،

خواجہ شفیق جیسے جہاندیدہ سیاسی کارکن کی ن لیگ میں شمولیت خوش آئندہے، انہوں نے درست فیصلہ کیا ، اس موقع پر سابق وزیر بیرسٹر افتخار گیلانی ، نورین عارف، چوہدری محمد رشید ، مرتضیٰ گیلانی ، راجہ ثاقب مجید و دیگر بھی موجود تھے ،

خواجہ شفیق کے ہمراہ خواجہ شہریار ، وقار الحسن پاشا، سابق اُمیدوار اسمبلی سید ارسلان شاہ ، عثمان علی قریشی اپنے درجنوں ساتھیوں کے ہمراہ ن لیگ میں شامل ہو گئے ،

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی 6ماہ کی حکومت میں جو ریاستی وسائل کے ساتھ کھلواڑ کیا جا رہا ہے اس کی مثال نہیں ملتی ۔

ان شاء اللہ عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) لینڈ سلائیڈ وکٹری حاصل کر کے حکومت بنائے گی ، انہوں نے پارٹی کارکنان سے کہا کہ وہ قائد پاکستان میاں محمد نواز شریف کے تعمیر و ترقی کے ویژن کو مدنظر رکھتے ہوئے پیغام کو ہر گلی کوچے تک پہنچائیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.