مظفرآباد(خصوصی خبر نگار)قانون ساز اسمبلی میں مہاجرین مقیم پاکستان کیلئے مختص نشستوں سمیت آئندہ عام انتخابات اور امن و امان کے معاملات پر غور کیلئے آزادکشمیرکی تمام رجسٹرڈ و غیر رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کے نمائندگان پر مشتمل آل پارٹیز کانفرنس کل وزیراعظم ہائوس مظفرآباد میں ہو گی ،
کانفرنس میں شرکت کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دیدی گئی ہے، حکومت آزادکشمیر کے وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور اور قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شاہ غلام قادر کی میزبانی میں منعقد ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس کے انتظامات کو حتمی شکل دیدی گئی ہے ،
اے پی سی کے تجویز جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اور اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی کے مابین ہونے والے مذاکرات کے دوران سامنے آئی تھی ، جسے گزشتہ روز وزیراعظم پاکستان کے زیر صدارت منعقد ہونے والے اہم اجلاس میں زیر بحث لاکر بدھ کے روز اے پی سی بلانے پر اتفاق کیا گیا ،
اے پی سی میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے 9جون کے لانگ مارچ اور لاک ڈائون سمیت مہاجرین کی انتخابی نشستوں اور آزادکشمیر میں امن و امان یقینی بنانے کیلئے اتفاق رائے پیدا کیا جائے گا۔
