چیف الیکشن کمشنرکی پریس کانفرنس،عام انتخابات کا شیڈول جاری

چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں و کشمیر کی اہم پریس کانفرنس، عام انتخابات کا شیڈول جاری

مظفرآباد:(کشمیر ایکسپریس نیوز)آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات 2026 کے انعقاد کا باضابطہ شیڈول جاری کر دیا ہے۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے تمام حلقوں میں پولنگ 27 جولائی 2026 کو صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک ہوگی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق امیدوار 9 جون سے 19 جون 2026 تک ریٹرننگ افسران کے پاس اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا سکیں گے۔ کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال 20 جون کو ہوگی جبکہ درست قرار دیے گئے امیدواروں کی ابتدائی فہرست بھی اسی روز جاری کی جائے گی۔

کاغذاتِ نامزدگی کی منظوری یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 21 جون سے 24 جون تک الیکشن کمیشن میں دائر کی جا سکیں گی۔ اپیلوں کی سماعت 26 اور 27 جون کو ہوگی جبکہ فیصلے 28 سے 29 جون تک سنائے جائیں گے۔

شیڈول کے مطابق امیدوار 30 جون تک اپنے کاغذات واپس لے سکیں گے۔ انتخابی میدان میں موجود امیدواروں کی فہرست یکم جولائی کو جاری کی جائے گی جبکہ 2 جولائی کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے۔ اسی روز انتخابی نشانات سمیت امیدواروں کی حتمی فہرست بھی شائع کر دی جائے گی۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ یہ نوٹیفکیشن فوری طور پر نافذ العمل ہوگا اور عام انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات شیڈول کے مطابق مکمل کیے جائیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.