راولپنڈی( سپورٹس رپورٹر) جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ سے واپڈا سپورٹس بورڈ کے آئی ٹی آفیسرمحمد عاصم نے ملاقات کی ۔ اس دوران جاپان کے شہر آئچی ناگویا میں 19 ستمبر سے 4 اکتوبر تک منعقد ہونے والے ایشین گیمز 2026 کے حوالے سے گفتگو بھی ہو ئی ۔
جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ نے بتایا کہ جاپان ایک عالمی معیار کے ایونٹ کے انعقاد کیلئے بڑا پُر عزم ہے اس کیلئے جاپان تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ قریبی ہم آہنگی کے ساتھ ایشین گیمز کی تیاریاں تیزی سے آگے بڑھا رہا ہے
،جاپان میں کھیلوں کے معیار کا شمار دنیا کے بہترین نظاموں میں ہوتا ہے، جو جدید انفراسٹرکچر، نظم و ضبط، اور روایتی اقدار کا انوکھا امتزاج پیش کرتا ہے،جاپان کے پاس اعلیٰ درجے کے جدید اسٹیڈیمزموجود ہیں،
جاپان ( 1964 اور 2020 کے اولمپکس) اور رگبی ورلڈ کپ کامیابی سے منعقد کر چکا ہے، جو اس کی عالمی معیار کی صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔جاپان کے اعزازی قونصل جنرل سید ندیم عالم شاہ نے بتایا کہ جاپانی شائقین کھیلوں سے گہرا لگاو رکھتے ہیں،
میچ کے دوران تماشائیوں کا نظم و ضبط، اسٹیڈیمز میں شاندار صفائی اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کا انداز اس معیار کو اور بھی بلند کر دیتا ہے ،مجموعی طور پر جاپان میں کھیلوں کا معیار محض کامیابی یا کارکردگی تک محدود نہیں بلکہ یہ کردار سازی اور معاشرتی نظم و ضبط کو فروغ دینے کا ایک موثر ذریعہ بھی ہے۔
