مظفرآباد(کشمیر ایکسپریس نیوز)وزیرخزانہ آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری قاسم مجید نے پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی سربراہی میں پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت نے مشکل مالی حالات کے باوجود عوام دوست اور بہترین بجٹ پیش کیا ہے۔
بجٹ میں صحت تعلیم اور انفراسٹرکچر کے منصوبوں پر خصوصی فوکس کیا گیا ہے، حکومت نے کوشش کی ہے کہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف اور عام آدمی کیلئے آسانیاں پیدا کی جائیں۔
انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں تعلیمی نظام کی بہتری اور اداروں کو فعال کرنے کے لیے حکومت آزادکشمیر کی جانب سے ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے لیے 02ارب 97کروڑ 90لاکھ روپے و کالجز کے لیے 70کروڑ 49لاکھ 20ہزار روپے تعلیمی پیکج 2026منظوری سمیت محکمہ صحت میں مختلف بنیادی مراکز صحت کو دیہی مراکز اور متعدد دیہی مراکز صحت کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں ترقی دیے جانے کی منظوری دی گئی ہے۔
ریاستی جامعات کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مالی سال 2025-26میں 1ارب 97کروڑ 30لاکھ روپے گرانٹ کی فراہمی سمیت ٹرانسفارمر ز کی تنصیب و مرمتی کے لیے مبلغ 72کروڑ 20لاکھ روپے کی فراہمی کی گئی ہے۔
وزیرخزانہ نے کہاکہ Climate & Gender Budget Tagging کے تحت مالیاتی اخراجات پر موسمیاتی تغیرات اور صنفی مساوات کے تناظر میں جائزہ اور اس سلسلہ میں سرکاری مصارف کی موسمیاتی تبدیلیوں اور صنفی مساوات کے دارئرہ میں درجہ بندی اورریاست سے جدید Urban Planningاور شہری سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے رواں مالی سال کے دوران 7کروڑ 5لاکھ 78ہزار روپے کی فراہمی کی گئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ بلدیاتی ادارہ جات کو پنشن کی ادائیگی کے سلسلہ میں رواں مالی سال میں 51کروڑ 89لاکھ 38ہزار روپے کی فراہمی، مظفرآباد شہر کی خوبصورتی میں اضافہ اور انفراسٹرکچر میں بہتری کے لیے 34کروڑ روپے کی فراہمی جبکہ محکمہ جنگلات میں بیلداران بی پی ایس۔01کی 878آسامیوں کو مستقل کیے جانے کی منظوری دی گئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ محکمہ پولیس کے شہداء کے اہل خانہ کی مالی معاونت اور بحالی کے لیے شہداء پیکج کی منظوری سمیت ریاست میں امن و امان کے قیام، دہشت گردی اور انتہا پسندی موثر سدباب کے لیے CTDکا قیام اور CTDکے لیے 473نئی آسامیوں کی تخلیق کی گئی ہیں جبکہ رایٹ مینجمنٹ پولیس (RMP) کے قیام کی منظوری اور مختلف کیڈر کی 1340آسامیوں کی تخلیق کی منظوری دی گئی ہے۔
وزیرخزانہ نے کہا کہ آزادکشمیر میں بحالی امن عامہ کے سلسلہ میں محکمہ پولیس کی ناگزیر ضروریات کے پیش نظر اسلحہ و ایمونیشن، اینٹی رائٹ ایکوپمنٹ اور سامان ٹیئر گیس کی خرید کے لیے تقریبا 47کروڑ روپے کی مختص کرنے کیساتھ ساتھ آزادجموں وکشمیر بینک کو ”شیڈول بینک“ کا درجہ دینے کے لیے تمام قانون، مالیاتی اور ضابطہ جاتی تقاضوں کو پورا کردیا گیا ہے
اور امید ہے کہ اگست کے پہلے ہفتے تک اے جے کے بینک شیڈول ہو جائے گا اور اے جے کے بینک کی پہلی برانچ آن لائن ہو جائیگی، علاوہ اس مقصد کے لیے مالی سال 2025-26میں Equity Shareمیں 2ارب 90کروڑ روپے کی فراہمی بھی کر دی گئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ریاست میں ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کی مضبوطی دور افتادہ علاقوں کو جدید مواصلات نظام سے منسلک کرنے کے لیے AJK Universal Fund کے لیے 5کروڑ روپے کی فراہمی کی گئی ہے۔ مہاجرین 1989-90کی معاشی اعانت کو یقینی بنانے کے لیے گزارہ الاؤنس میں 2500/-روپے اضافہ کیا جا کر محکمہ بحالیات کو اس ضمن میں 73کروڑ 4لاکھ 70ہزار روپے کی اضافی فراہمی کی گئی ہے۔
انہوں نے کہاکہ حکومتی پالیسوں، ترقیاتی اقدامات اورموثر عوامی رابطہ کاری کے لیے محکمہ اطلاعات کو رواں مالی سال کے دوران نظر ثانی میزانیہ کی مد ”اشتہارات“ میں 3کروڑ روپے کی اضافی فراہم کی گئے ہیں۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی مختصر عرصہ کی حکومت نے ایڈھاک ملازمین کو مستقل کیا۔
