ایف ایف سی اور یارا کا اسٹریٹجک اشتراک، جدید فصلی غذائیت کے حل متعارف
راولپنڈی(سٹاف رپورٹر) فوجی فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ (ایف ایف سی) اور ناروے کی عالمی شہرت یافتہ کراپ نیوٹریشن کمپنی یارا انٹرنیشنل نے پاکستان میں جدید حیاتیاتی (بایولوجیکل) اور خصوصی فصلی غذائیت (اسپیشلٹی پلانٹ نیوٹریشن) مصنوعات متعارف کرانے کے لیے اسٹریٹجک شراکت داری کا اعلان کیا ہے۔
اس تعاون کے تحت ایف ایف سی کے سونا اور یارا کے برانڈز کو مشترکہ طور پر متعارف کرایا گیا ہے، جس کا مقصد پاکستانی کسانوں کو عالمی معیار کے جدید فصلی غذائی حل فراہم کرنا ہے۔ اس موقع پر راولپنڈی میں ایف ایف سی کے ہیڈ آفس سونا ٹاور میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس میں دونوں کمپنیوں کی اعلیٰ قیادت نے شرکت کی۔
شراکت داری کے تحت پانچ فولیئر بایولوجیکل مصنوعات YaraAmplix Optitrac، YaraVita Crop Boost، YaraVita Bortrac، YaraVita Frutrel اور YaraVita Solatrel کے ساتھ ساتھ اعلیٰ معیار کی حل پذیر کیلشیم کھاد YaraLiva Tropicote بھی پاکستانی مارکیٹ میں پیش کی گئی۔
ایف ایف سی کے چیف کمرشل آفیسر محمد علی جنجوعہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کمپنی نے ہمیشہ جدید زرعی ٹیکنالوجی متعارف کرانے میں قائدانہ کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یارا انٹرنیشنل کے ساتھ یہ اشتراک پاکستانی کسانوں کو عالمی معیار کی فصلی غذائیت کی ٹیکنالوجی فراہم کرنے کی جانب ایک اہم سنگ میل ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ مصنوعات نیکس جن نیوٹرینٹس کے پلیٹ فارم کے تحت ایف ایف سی کے ملک گیر مارکیٹنگ اور زرعی مشاورتی نیٹ ورک کے ذریعے کسانوں تک پہنچائی جائیں گی، جس سے فصلوں کی پیداوار، معیار اور کسانوں کی آمدنی میں اضافہ ہوگا، جبکہ قومی غذائی تحفظ کو بھی تقویت ملے گی۔
اس موقع پر یارا افریقہ و ایشیا کے سینئر نائب صدر الیگزینڈر میسیڈو نے کہا کہ پاکستان میں سائنسی بنیادوں پر فصلی غذائیت اور پائیدار زراعت کے فروغ کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف ایف سی اور یارا کا اشتراک عالمی مہارت اور مقامی تجربے کا امتزاج ہے، جس کے ذریعے پاکستانی کسانوں کو جدید زرعی ٹیکنالوجی، تکنیکی رہنمائی اور پائیدار غذائی حل فراہم کیے جائیں گے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ شراکت داری پاکستان میں زرعی پیداوار بڑھانے، غذائی تحفظ کو مضبوط بنانے، موسمیاتی تبدیلیوں سے ہم آہنگ زراعت کو فروغ دینے اور زرعی شعبے میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
