قرآن کافہم زندگیوں میں حقیقی انقلاب برپاکرتاہے:ڈاکٹر حمیرا

اسلام آباد(کشمیر ایکسپریس نیوز ) سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے ضلع غربی حلقہ لاہور کے دورے کے موقع پر فہم القرآن کورس کے شرکاء اور مدرسات سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قرآنِ حکیم کا فہم اور اللہ تعالیٰ پر کامل یقین انسان کی زندگی میں ایسی مثبت تبدیلی پیدا کرتا ہے جو اس کے فکر، کردار اور عمل کو یکسر بدل دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایمان کے درجات میں یقین، عین الیقین اور حق الیقین شامل ہیں۔ جب انسان عین الیقین کے مقام پر پہنچتا ہے تو اس کے اعمال میں واضح تبدیلی آجاتی ہے، جبکہ حق الیقین کی کیفیت انسان کے وجود کو اس طرح ڈھال دیتی ہے کہ اس کی پوری زندگی اللہ کی اطاعت اور بندگی کا نمونہ بن جاتی ہے۔
ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا کہ جماعت اسلامی کی دعوت و تربیت کا بنیادی مقصد افراد کو محض تنظیم سے وابستہ کرنا نہیں بلکہ انہیں قرآن، دین اور اللہ تعالیٰ سے جوڑنا ہے۔ انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ جو فرد جماعت اسلامی کے سپرد ہو جائے، اس کی تربیت، دینی رہنمائی اور قرآنی تعلیم ہماری ذمہ داری ہے۔ اگر ہم اس کی زندگی میں دین کی روشنی منتقل کرنے، اس کے کردار اور معاملات میں بہتری لانے کی کوشش نہ کریں تو اللہ تعالیٰ کے حضور جواب دہ ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ جس نے مجھے اپنی ناظمہ اور رہنما سمجھا، وہ میری ذمہ داری ہے۔ تربیت کا تقاضا ہے کہ ہم ہر آنے والے فرد کو محبت، توجہ اور دینی رہنمائی فراہم کریں تاکہ اس کی زندگی قرآن کے سانچے میں ڈھل سکے۔
مدرسات سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ امیدوارانِ رکنیت کی تربیت کے لیے روایتی تدریسی انداز کے بجائے اسٹڈی سرکلز کا طریقہ اختیار کیا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد نصابِ رکنیت کو محض پڑھانا نہیں بلکہ اسے فکری مکالمے، غور و فکر اور عملی تربیت کے ذریعے سمجھنا اور زندگی کا حصہ بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر امیدوار رکن کو اسٹڈی سرکل کے اس تربیتی عمل سے گزارا جائے گا جس سے فکری پختگی پیدا ہوگی اور غیر فعالیت کی شکایات میں نمایاں کمی آئے گی۔
ہر دل تک قرآن پراجیکٹ کی ڈائریکٹر انیلہ محمود نے مدرسات پر زور دیا کہ وہ قرآن کے پیغام کو عام کرنے کے ساتھ ساتھ افراد سازی اور کردار سازی کے عمل کو اپنی اولین ترجیح بنائیں، کیونکہ مضبوط اور باعمل افراد ہی اسلامی معاشرے کی بنیاد بنتے ہیں۔
آخر میں سوال و جواب اور تبادلۂ خیال کی نشست بھی منعقد ہوئی جس میں مدرسات نے مختلف امور پر اپنے خیالات اور تجاویز پیش کیں۔
اس موقع پر حلقہ خواتین جماعت اسلامی ضلع غربی کے تحت شرکاء فہم قرآن کلاسز اور مربیات کے اس پروگرام میں بڑی تعداد میں فہم القرآن کے شرکاء نے شرکت کی ۔ اس موقع پر ناظمہ حلقۂ لاہور عظمی عمران، نائب ناظمہ حلقۂ لاہور شازیہ عبدالقادر, قائم مقام ناظمہ ضلع غربی ماریہ مسعود اور ناظمہ زون روبینہ ساجد نے شرکت کی۔۔#

Leave A Reply

Your email address will not be published.