اساتذہ تنظیموں کے نمائندگان کا مرکز خواتین منصورہ کا دورہ

اساتذہ تنظیموں کے نمائندگان کا مرکز خواتین منصورہ کا دورہ، امۃ الرقیب آپا اور امیر العظیم کی وفات پر دلی تعزیت کا اظہار

اسلام آباد(کشمیر ایکسپریس نیوز)اساتذہ تنظیموں کے نمائندگان کے ایک وفد نے مرکز خواتین منصورہ میں سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق اور مرکزی ٹیم سے ملاقات کی اور امۃ الرقیب آپا اور جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل جناب امیر العظیم کی وفات پر اساتذہ برادری کی جانب سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر ڈپٹی سیکرٹری جنرل ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی، ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر زبیدہ جبیں، ڈپٹی سیکرٹری و ڈائریکٹر میڈیا سیل ثمینہ سعید، نائب شعبہ تعلیم نصرت طارق اور ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات شہناز عاصمہ بھی موجود تھیں۔

وفد نے عظیم قائدین کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ امۃ الرقیب آپا اور جناب امیر العظیم نے اپنی پوری زندگی دینِ اسلام کی سربلندی، اقامتِ دین، دعوت و تربیت اور قوم کی فکری و اخلاقی رہنمائی کے لیے وقف کیے رکھی۔

ان کی اخلاص، استقامت اور بے لوث خدمات ہمیشہ تحریکِ اسلامی کے کارکنان اور نئی نسل کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحومین کی کامل مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔

ڈاکٹر حمیرا طارق نے وفد کی آمد اور اظہارِ تعزیت پر اساتذہ برادری کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ غم کی اس گھڑی میں اہلِ علم کی محبت، دعائیں اور یکجہتی ہمارے لیے باعثِ حوصلہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امۃ الرقیب آپا اور جناب امیر العظیم کی علمی، فکری اور تنظیمی خدمات تحریکِ اسلامی کا قیمتی سرمایہ ہیں، جنہیں ہمیشہ قدر و احترام سے یاد رکھا جائے گا۔

ملاقات کے دوران اساتذہ برادری کو درپیش اہم مسائل پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ شرکاء نے تعلیمی اداروں کی آؤٹ سورسنگ، سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی شدید قلت، تعلیمی معیار میں مسلسل گراوٹ، اساتذہ کے پیشہ ورانہ مسائل اور نظامِ تعلیم کو درپیش دیگر چیلنجز پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

اس امر پر اتفاق کیا گیا کہ تعلیم کے شعبے کو قومی ترجیح بنایا جائے، اساتذہ کی خالی آسامیوں کو فوری پُر کیا جائے، آؤٹ سورسنگ کے فیصلوں پر نظرثانی کی جائے اور تعلیمی نظام کی بہتری کے لیے تمام متعلقہ حلقوں کی مشاورت سے مؤثر اور دیرپا اقدامات کیے جائیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.