دفاعی افواج ایکٹ 2026ءاورنیشنل کمانڈاتھارٹی ایکٹ ترمیم منظور

اسلام آباد(کشمیر ایکسپریس نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا، جس میں دفاعی افواج ایکٹ 2026ء اور نیشنل کمانڈ اتھارٹی ایکٹ 2010ء میں ترمیم کی منظوری دے دی گئی۔ وفاقی کابینہ نے دفاعی افواج ایکٹ 2026ء کے مسودے کی منظوری دی۔ یہ مسودہ 27ویں آئینی ترمیم کے ذریعے کی گئی ترامیم کے تسلسل میں تیار کیا گیا ہے، جس کا مقصد چیف آف ڈیفنس فورسز کے عہدے اور چیف آف ڈیفنس فورسز ہیڈکوارٹرز سے متعلق انتظامی امور کا تعین کرنا ہے۔ کابینہ کی منظوری کے بعد دفاعی افواج ایکٹ 2026ء کا مسودہ پارلیمان کے جاری اجلاس میں منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا۔ وفاقی کابینہ نے نیشنل کمانڈ اتھارٹی ایکٹ 2010ء میں ترمیم کی بھی منظوری دی۔ وزیراعظم آفس کے مطابق 27ویں آئینی ترمیم کے بعد نیشنل کمانڈ اتھارٹی ایکٹ میں ترمیم ضروری تھی۔ ترمیم شدہ مسودہ بھی منظوری کے لیے پارلیمان میں پیش کیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.