راولپنڈی (کشمیر ایکسپریس نیوز) چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے انڈونیشین نیول چیف ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال اور پاکستان و انڈونیشیا کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعاون پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق انڈونیشین نیول چیف ایڈمرل ڈاکٹر محمد علی نے جی ایچ کیو کا دورہ کیا اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں جانب سے پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان دیرینہ عسکری تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔
فریقین نے دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے اور دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان روابط کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں پیشہ ورانہ تربیت کے شعبے میں تعاون بڑھانے اور مشترکہ فوجی مشقوں کے ذریعے دونوں افواج کے درمیان باہمی تجربات اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے تبادلے کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان اور انڈونیشیا کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کی افواج کے درمیان موجود باہمی تعاون اور روابط کو اہم قرار دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق انڈونیشین نیول چیف نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاک افواج کی خدمات کا اعتراف کیا۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دفاعی روابط اور باہمی تعاون کو مستقبل میں مزید فروغ دینے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا
Sign in
Sign in
Recover your password.
A password will be e-mailed to you.
