پوٹھوہاراوربالائی خیبرپختونخوامیں 17ستمبرتک بارشوں کاامکان

اسلام آباد (کشمیر ایکسپریس نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر (این ای او سی) نے خطہ پوٹھوہار اور بالائی خیبرپختونخوا میں 14 سے 17 ستمبر تک شدید بارشوں کے امکان کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا۔
این ای او سی کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق مذکورہ عرصے کے دوران پوٹھوہار کے مختلف علاقوں اور بالائی خیبرپختونخوا میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارش متوقع ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، مری، گلیات اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق متوقع بارش کے باعث نشیبی علاقوں، ندی نالوں اور شہری علاقوں میں مقامی سطح پر سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خدشہ ہے ، جبکہ پہاڑی علاقوں میں شدید بارش کے نتیجے میں ندی نالوں میں پانی کے تیز بہاؤ، مقامی سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔
الرٹ کے مطابق بالائی خیبرپختونخوا کے اضلاع دیر، سوات، بونیر، مالاکنڈ، شانگلہ، بٹگرام، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، نوشہرہ، صوابی، مردان اور پشاور سمیت ملحقہ علاقوں میں بھی شدید بارش متوقع ہے۔
این ای او سی کے جائزہ ماڈلز کے مطابق اچانک بننے والے موسمی نظام کے نتیجے میں مختصر دورانیے میں شدید بارش ہوسکتی ہے ، جس کے باعث شہری اور پہاڑی علاقوں میں مختلف نوعیت کے خطرات پیدا ہونے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ شدید بارش کے دوران نشیبی علاقوں، ندی نالوں اور آبی گزرگاہوں سے دور رہیں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ عوام کو ممکنہ سیلابی صورتحال اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر محتاط رہنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
اتھارٹی نے مقامی انتظامیہ، محکمہ موسمیات اور این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین موسمی و ہنگامی ہدایات پر عملدرآمد کی اپیل کی ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق شہری مستند موسمی معلومات، ممکنہ خطرات اور حفاظتی تدابیر سے آگاہی کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپ سے بھی رہنمائی حاصل کرسکتے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.