پاک فضائیہ کا دشمن پر جوابی وار، بھارت کے 2 جنگی طیارے مار گرائے، بریگیڈ ہیڈکوارٹر تباہ
اسلام آباد: بھارت کی جانب سے پاکستان پر میزائل حملے کے بعد پاک افواج کی بھرپور جوابی کارروائی جاری ہے، سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فضائیہ نے دشمن کے دو جنگی طیارے مار گرائے ہیں جبکہ جوابی حملے میں بھارت کا ایک بریگیڈ ہیڈکوارٹر بھی تباہ کر دیا گیا ہے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک فضائیہ کے تمام جہاز محفوظ ہیں اور دشمن کے طیاروں کو مؤثر کارروائی کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔ ابتدائی رپورٹس کے مطابق ایل او سی کے دودنیال سیکٹر میں بھی پاک فوج کی میزائل اسٹرائیک کے نتیجے میں بھارتی فوجی پوسٹ تباہ کر دی گئی۔
مزید برآں، برطانوی میڈیا کے مطابق پاکستان نے بھارت کا رافیل طیارہ بھی مار گرایا ہے۔ سکیورٹی حکام نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی جارحیت کا جواب اس سے بڑھ کر دیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب، وزیر دفاع خواجہ آصف نے بھی بیان دیا ہے کہ “بھارت نے جس طرح حملہ کیا، ہم اسے اس سے بڑھ کر جواب دیں گے۔” ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنی خودمختاری کا ہر قیمت پر دفاع کرے گا۔
امریکی محکمہ خارجہ نے پاک بھارت صورتحال کو “انتہائی سنجیدہ اور پیچیدہ” قرار دیا ہے جبکہ عالمی سطح پر کشیدگی میں اضافے پر تشویش کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
پاکستان کی جوابی کارروائیاں جاری ہیں اور ملکی فضائیہ و بری افواج مکمل چوکس ہیں۔