نیشنل پریس کلب کے باہر کشمیری مظاہرین پر پولیس تشدد، متعدد گرفتار

اسلام آباد(کشمیر ایکسپریس نیوز)نیشنل پریس کلب کے باہر کشمیری مظاہرین پر پولیس تشدد، متعدد گرفتار
اسلام آباد پولیس نے نیشنل پریس کلب کے باہر پرامن احتجاج کرنے والے عوامی ایکشن کمیٹی راولپنڈی/اسلام آباد کے اراکین اور کشمیری مظاہرین پر دھاوا بولتے ہوئے متعدد افراد کو گرفتار کر لیا۔
مظاہرین مظفرآباد میں عوامی ایکشن کمیٹی کی کال پر ہونے والے احتجاج میں تشدد اور شہادتوں کے خلاف یکجہتی کے طور پر جمع ہوئے تھے۔ احتجاج کے دوران پولیس نے نہ صرف مظاہرین پر لاٹھی چارج کیا بلکہ پریس کلب کے احاطے میں گھس کر کیمرہ مینوں اور ملازمین پر بھی تشدد کیا۔ اس دوران ایک فوٹو گرافر کا کیمرہ توڑ دیا گیا جبکہ کیفے ٹیریا میں توڑ پھوڑ بھی کی گئی۔
گرفتار ہونے والوں میں جموں و کشمیر ڈیموکریٹک پارٹی کی چیئرپرسن نبیلہ ارشاد ایڈووکیٹ، خواتین رہنما سردار تانیہ، افشاں کیانی، شہناز خان، وکلا اور سول سوسائٹی کے نمائندگان شامل ہیں۔ مظاہرین میں خواتین کی بھی بڑی تعداد شریک تھی۔
پولیس حکام کے مطابق اسلام آباد، بالخصوص نیشنل پریس کلب کی حدود میں دفعہ 144 نافذ ہے، جس کے تحت احتجاجی اجتماع کی اجازت نہیں۔

Comments are closed.