عوامی راج کا آغاز، فیصل راٹھور کا ہر شہر میں کھلی کچہریوں کا اعلان
حویلی کہوٹہ(کشمیر ایکسپریس نیوز)وزیر اعظم آزادکشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ عوامی راج شروع ہو چکا ،سرکاری دفاتر کے دروازے عوام کے لیے کھول دیئے گئے ہیں،ہ
ماری حکومت عوامی حکومت ثابت ہوگی ، ہر حلقے ہر شہر میں کھلی کچہریاں لگائی جائیں گی جہاں موقع پر عوامی مسائل کا حل نکالا جاے گا ،لوگوں کو باعزت روزگار دینا اور انکے بنیادی مسائل حل کرنا اولین ترجیح ہے ،
نوجوانوں کو سرکاری نوکریوں کے بجاے ہنر مند بنا کرریاست کی تقدیر بدلیں گے، نوجوان ہنر مند ہو گا تو وہ پوری دنیا میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منواے گا ، حویلی کے لیے یونیورسٹی کی منظوری ہو چکی،
حویلی کیلئے 05 ارب سے تعمیر ہونے والے دانش سکول کا تحفہ وزیر اعظم پاکستان سے لیکر آیا ہوں،کارکنان کے حقوق کا تحفظ اور مسائل کا حل میری ذمہ داری ہے۔ان خیالات کاا ظہارانہوں نے ممتاز آباد میں اپنے اعزاز میں منعقد ایک بڑے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پر موسٹ سینئر وزیر میاں عبدالوحید، وزرا حکومت سردار ضیاء القمر ، چوہدری قاسم مجید، پی پی رہنما راجہ مبشر اعجاز و دیگر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت 2026 تک نہیں بلکہ انشا اللہ آئندہ سال کا الیکشن جیت کر 2031 تک رہیگی۔
ریاست کے اندر کچھ عرصہ قبل تک افراتفری کا ماحول تھا، پاکستان کی قیادت نے ہمیں فنڈز کی یقین دہانی کروائی ہے،ایکشن کمیٹی کیساتھ جو معاہدہ ہوا ہے اس پر عملدرآمد کیا جائے گا۔
وزیراعظم راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے کہاکہ صدر پاکستان آصف علی زرداری ، بلاول بھٹو زرداری اور محترمہ فریال تالپور کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا ۔
انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے لیپہ ویلی اور حویلی کے لیے دانش سکولوں کا اعلان کیا۔
استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوے موسٹ سینیر وزیر میاں وحید نے کہا کہ عوامی حکومت قائم ہو چکی ہے بھاری ذمہ داری ہمارے کندھوں پر ڈالی گئی ہے مگر ہمیں فخر ہے کہ ہماری ٹیم کے کیپٹن فیصل ممتاز راٹھور تمام مسائل کو سیاسی انداز میں حل کر کے ریاست کو تعمیر و ترقی کی منزل کی جانب گامزن کریں گے
کارکردگی کی بنیاد پر 2026 میں نیا مینڈیٹ لیکر یہ حکومت 2031 تک جائے گی اور ریاست میں عوامی راج ہو گا۔ انہوں نے کہاکہ حویلی میں ممتاز حسین راٹھور جیسے نظریاتی لوگ پیدا ہوے،قیادت نے فیصل ممتاز راٹھور پر اعتماد کااظہار کر کے انہیں اس عہدے پر منتخب کیا جس پر اہلیان حویلی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوے وزیر حکومت سردار ضیاء القمر نے کہا کہ عام آدمی کے مسائل کے حل کو ترجیحات میں رکھا ہے، جیالوں کا راج شروع ہو چکا ہے، اب ریاست کے اندر انتشار نہیں سیاست ہو گی اور راواداری کی سیاست ہو گی ۔
عوام کی مشکلات کو دور کریں گے ،عوامی مسائل کو عوام کی دہلیز پر حل کریں گے ،ریاست کے اندر عام آدمی طاقتور ہو گا اور عام آدمی کے لیے حکومت کے دروازے کھولے رہیں گے ۔
وزیر حکومت چوہدری قاسم مجید نے کہا کہ حویلی کی عوام خوش قسمت ہے جنہیں فیصل ممتاز راٹھور جیسا زیرک سیاسی قائد میسر ہے جو عوام کے درد کو اپنا درد سمجھتا ہے،
ریاست کو سنوارنے اور ریاست کو تعمیر و ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کی ذمہ داری اس حکومت نے اپنے ذمہ لی ہے جو ایک امتحان ہے جیالوں کی حکومت اس امتحان کو نا صرف پاس کرے گی بلکہ اسی امتحان کی بنیاد پر 2031 تک حکومت قائم رکھے گی۔

Comments are closed.