صاحبزادہ ذوالفقار علی علماء و مشائخ کونسل کے چیئرمین تعینات،باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا
مظفرآباد (سٹاف رپورٹر)وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر راجہ فیصل ممتاز راٹھور نے پاکستان پیپلز پارٹی کے نظریاتی، درینہ اور انتہائی متحرک جیالے صاحبزادہ ذوالفقار علی کو علماء و مشائخ کونسل کا چیئرمین تعینات کر دیا ہے۔
وزارتِ مذہبی امور و اوقاف کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے، جسے سیاسی، تنظیمی اور مذہبی حلقوں میں عین میرٹ کے مطابق ایک اہم فیصلہ قرار دیا جا رہا ہے۔
صاحبزادہ ذوالفقار علی کا تعلق کوٹلی کے علاقے چڑھائی، پنجن پیڑاہ سے ہے اور وہ آستانہ عالیہ گلشنِ علی پیڑاہ شریف کے سجادہ نشین ہیں، جس کے باعث وہ مذہبی، روحانی اور سماجی معاملات پر گہری نظر اور مضبوط پس منظر رکھتے ہیں۔
ان کا یہ مذہبی و روحانی مقام ہی ان کی تقرری کو مکمل میرٹ کے زمرے میں لاتا ہے۔سیاسی میدان میں بھی صاحبزادہ ذولفقار علی پیپلز پارٹی کے دیرینہ نظریاتی کارکن، نوجوانوں کے نمائندہ چہرہ اور پارٹی کے مضبوط ترین جیالوں میں شمار ہوتے ہیں۔
صاحبزادہ ذولفقار علی پی وائی او آزاد کشمیر کے سابق صدر، پی ایس ایف کے مرکزی چیف آرگنائزر، اور پیپلز پارٹی کی سابق حکومت میں لبریشن سیل میں سیاسی امور کے ایڈوائزر رہ چکے ہیں۔
گزشتہ عام انتخابات میں علماء و مشائخ کی مخصوص نشست پر پیپلز پارٹی کے ٹکٹ سے الیکشن میں حصہ لینا بھی ان کے سیاسی قد کاٹھ اور پارٹی پر اعتماد کا ثبوت ہے۔ پارٹی کارکنوں، اوورسیز کمیونٹی اور نوجوانوں میں انکی غیر معمولی مقبولیت، تنظیمی تجربہ اور مذہبی پس منظر کے باعث اس تعیناتی کو مکمل طور پر میرٹ پر مبنی، موزوں اور بروقت فیصلہ کہا جا رہا ہے۔
سیاسی مبصرین کے مطابق وزیراعظم کا یہ فیصلہ مذہبی ہم آہنگی، تنظیمی مضبوطی اور پارٹی کے نظریاتی کارکنوں کی حوصلہ افزائی کی جانب ایک مثبت قدم ہے۔

Comments are closed.