پی ٹی آئی آزاد کشمیر نے سٹریٹ موومنٹ کا اعلان کر دیا، سہنسہ، کوٹلی اور ڈڈیال میں تاریخ ساز جلسے ہوں گے
اسلام آباد (کشمیر ایکسپریس نیوز)صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر و سابق وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے قائد پاکستان عمران خان کی ہدایات کی روشنی میں آزاد کشمیر بھر میں سٹریٹ موومنٹ کے شیڈول کا باقاعدہ اعلان کر دیا ۔
شیڈول کے مطابق 14 جنوری بروز بدھ سہنسہ میں ریلی اور ورکرز کنونشن، 18 جنوری بروز اتوار کوٹلی شہر میں عظیم الشان ریلی اور تاریخ ساز ورکرز کنونشن جبکہ 25 جنوری بروز اتوار ڈڈیال کے مقام پر ریلی اور ورکرز کنونشن منعقد کیا جائے گا
جن میں صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی سمیت پارٹی کی مرکزی اور سینئر قیادت بھرپور شرکت کرے گی۔
بعد ازاں اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ قائد پاکستان عمران خان کے خلاف قائم کیے گئے جعلی، بوگس اور سیاسی بنیادوں پر بنائے گئے مقدمات، قیدِ تنہائی اور ملاقاتوں پر پابندیاں فسطائیت، ظلم و جبر اور آئین و قانون کی صریح خلاف ورزی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک مقبول عوامی لیڈر کو زبردستی قید میں رکھ کر نہ صرف عوامی مینڈیٹ کی توہین کی جا رہی ہے بلکہ ملک کو سیاسی عدم استحکام اور معاشی تباہی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔
سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے، آئین کی بالادستی بحال کرنے اور عوام کے اعتماد کو بحال کرنے کے لیے عمران خان کی فوری رہائی ناگزیر ہو چکی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ جب تک قائد پاکستان کو رہا نہیں کیا جاتا اور تمام جعلی مقدمات ختم نہیں کیے جاتے، تحریک انصاف کی جدوجہد جاری رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی عدم استحکام معیشت کے لیے ناقابل قبول ہے اور موجودہ حالات کا واحد حل شفاف جمہوری عمل اور عوام کے فیصلے کو تسلیم کرنا ہے۔
سردار عبدالقیوم نیازی نے تمام تنظیمی ڈھانچوں، یوتھ ونگ، آئی ایس ایف، لائرز ونگ، خواتین ونگ اور دیگر ونگز کو ہدایت کی کہ وہ متحد و منظم ہو کر پارٹی سرگرمیوں کو کامیاب بنائیں اور عمران خان کے بیانیے کو ہر شہر اور ہر گاؤں تک پہنچائیں۔
سردار عبدالقیوم نیازی نے مزید کہا کہ آنے والا دور آزاد کشمیر میں پاکستان تحریک انصاف کا ہے اور آزاد کشمیر سے شروع ہونے والی یہ عوامی تحریک پورے پاکستان میں حقیقی تبدیلی کا پیش خیمہ ثابت ہو گی۔

Comments are closed.