ضلع باغ کو بگ سٹی کا درجہ،وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کے فیصلے کو زبردست عوامی پذیرائی
اسلام آباد (کشمیر ایکسپریس نیوز) آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی جانب سے ضلع باغ کو بگ سٹی کا درجہ دینے کے اعلان اور اس حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن کے اجرا کو عوامی و سیاسی حلقوں کی جانب سے غیر معمولی پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔
رائے عامہ کے لیڈروں، سیاسی کارکنوں، سماجی شخصیات اور نوجوانوں نے سوشل میڈیا پر وزیراعظم کے اس فیصلے کو تاریخی اور عوام دوست اقدام قرار دیا ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر صارفین نے اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ باغ کو بگ سٹی کا درجہ ملنے سے علاقے کی مجموعی ترقی میں نئی روح پھونک دی جائے گی۔ ایک صارف نے لکھا کہ “یہ فیصلہ باغ کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا
وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے عملی اقدامات کے ذریعے ثابت کر دیا کہ وہ عوامی امنگوں کے ترجمان ہیں۔
ایک اور صارف کا کہنا تھا کہ بگ سٹی کا درجہ ملنے سے باغ میں جدید شہری سہولیات، بہتر انفراسٹرکچر، روزگار کے نئے مواقع اور تعلیمی و صحت کے شعبوں میں نمایاں بہتری آئے گی۔
نوجوانوں نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اب انہیں روزگار اور بہتر سہولیات کے لیے بڑے شہروں کا رخ نہیں کرنا پڑے گا۔
سماجی و تجارتی حلقوں نے بھی وزیراعظم کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ باغ کو بگ سٹی کا درجہ ملنے سے سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھلیں گے، کاروباری سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا اور سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدام نہ صرف باغ بلکہ پورے خطے کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔
رائے عامہ کے لیڈروں نے اپنے پیغامات میں وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ حکومت آزاد کشمیر مستقبل میں بھی اسی طرح عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو ترجیح دے گی اور پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے گی۔

Comments are closed.