انتخابات پراثرانداز ہونیکی سازش ناکام ہوگی:شاہ غلام قادر

انتخابات پراثرانداز ہونیکی سازش ناکام ہوگی:شاہ غلام قادر

 

نیلم(بیورو رپورٹ)صدر مسلم لیگ ن آزادکشمیر و قائد حزب اختلاف قانون ساز اسمبلی شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی حکومت آزادکشمیر میں آئندہ عام انتخابات پر اثر انداز ہونے کے لیے انتقامی کارروائیاں کر رہی ہے اور اپنے من پسند افراد کو اہم سرکاری عہدوں پر تعینات کیا جا رہا ہے۔

 

ضلعی ہیڈکواٹر آٹھمقام میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ غلام قادر نے کہا کہ وزیر اعظم آزادکشمیر کے ساتھ الیکشن کمشنر کی تقرری کے لیے آئینی مشاورت جاری ہے اور انتخابات میں ایک دن کی بھی تاخیر نہیں ہونے دی جائے گی۔

 

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں جلد مسلم لیگ ن کی حکومت قائم ہوگی اور پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔

 

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کے لیے صحت کارڈ کی مد میں 40 ارب روپے جاری کیے ہیں جو عوام کے لیے ایک بڑا ریلیف ہے۔ حکومت پاکستان آزادکشمیر کے عوام کے مسائل اور مشکلات کے حل کے لیے سنجیدہ اور پرعزم ہے۔

 

قائد حزب اختلاف نے پیپلز پارٹی کی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوامی مسائل حل کرنے کے بجائے بندر بانٹ میں مصروف ہے۔ انہوں نے ضلع نیلم میں آفاتِ سماوی کے لیے مختص 14 کروڑ روپے کے فنڈز کی مبینہ بندر بانٹ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

 

اسی طرح گزشتہ اڑھائی سالوں کے دوران کروڑوں روپے مالیت کی خالصہ سرکار کی زمینوں پر ہونے والے قبضوں کی بھی مکمل تحقیقات ہونی چاہئیں۔

 

شاہ غلام قادر نے مطالبہ کیا کہ سرکاری ملازمین کی سیاسی بنیادوں پر انتقامی تقرریوں اور تبادلوں کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے۔

 

انہوں نے الزام عائد کیا کہ حکومت الیکشن پر اثر انداز ہونے کے لیے اپنے حمایتی افراد کو اہم عہدوں پر تعینات کر رہی ہے جو آئینی و جمہوری اقدار کے منافی ہے۔

 

انہوں نے اعلان کیا کہ وہ وادی نیلم کے دونوں حلقوں سے خود الیکشن میں حصہ لیں گے اور مسلم لیگ ن کے کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ فوری طور پر انتخابی مہم کا آغاز کریں۔

 

انہوں نے کہا کہ مہاجرین نشستوں کا خاتمہ ریاستی ڈھانچے اور تحریک آزادی کو کمزور کرنے کے مترادف ہے، آزادکشمیر کے آئین اور ریاستی تشخص کے ساتھ کسی بھی قسم کا کھیل برداشت نہیں کیا جائے گا۔

 

شاہ غلام قادر نے کہا کہ آئینی معاملات میں کسی بھی ترمیم کے لیے ایکشن کمیٹی کو انتخابی عمل کا حصہ بننا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن آزادکشمیر میں اقتدار میں آ کر تعمیر و ترقی کا وہی سفر دوبارہ شروع کرے گی جو ماضی میں ادھورا رہ گیا تھا، جبکہ سابق حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے ایکشن کمیٹی کو احتجاج کا موقع ملا۔

 

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف وادی نیلم میں دانش سکول اور پھلاوائی ہائیڈرل پراحیکٹ کا سنگ بنیاد رکھنے کے لئے جلد تشریف لائیں گے

 

جبکہ نیلم سمیت آزادکشمیر میں میگا پراجیکٹس کا سنگ بنیادبھی رکھیں گے جس سے خطے میں ترقی اور خوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا۔

Comments are closed.