ضلع کوٹلی سے چھ کی چھ نشستیں جیتیں گے،چوہدری یاسین
کوٹلی (کشمیر ایکسپریس نیوز)وزیر اعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے دورۂ کوٹلی کے دوران کچہری گراؤنڈ کوٹلی میں جلسۂ عام سے خطاب کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر کے جلسہ گاہ پہنچنے پر فقیدالمثال استقبال کیا گیا۔ وزیر اعظم اور وزرائے کرام پر گل پاشی کی گئی جبکہ شہید بی بی اور شہید ذوالفقار علی بھٹو کے فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔
جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر چوہدری محمد یاسین نے کہا کہ آج اللہ کے فضل سے ریاست میں جیالوں کی حکومت ہے۔
ان شاء اللہ اس ضلع سے چھ کی چھ نشستیں جیتیں گے اور آئندہ حکومت پاکستان پیپلز پارٹی کی ہو گی۔ ہمارے مخالفین پینسٹھ سال اقتدار میں رہے، مگر پیپلز پارٹی نے تعلیم، صحت، میڈیکل کالجز، آئین، میزائل اور نیوکلیئر ٹیکنالوجی سمیت مسئلہ کشمیر پر سفارتی جدوجہد جیسے انقلابی اقدامات کیے۔
انہوں نے کہا کہ شہید بی بی اور شہید ذوالفقار علی بھٹو نے مسئلہ کشمیر کو پوری دنیا میں اجاگر کیا۔ ان شاء اللہ کوٹلی کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے۔ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوری اقدار کی حامل جماعت ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے ہمارے مسائل سنے ہیں۔ میں اور چوہدری مطلوب انقلابی یہاں یونیورسٹی لے کر آئے، پاسپورٹ آفس قائم کروایا اور ہوائی جہاز گراؤنڈ کو منظم کیا۔ کوٹلی میرا شہر ہے۔
کل چڑھوئی میں عوامی قوت کا شاندار مظاہرہ کیا گیا۔ پاکستان پیپلز پارٹی کوٹلی میں سب سے بڑی جماعت ہے۔انہوں نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ریاست کے عوام کو پارلیمانی نظام دیا۔
رنگ روڈ سے ٹریفک کے مسائل ختم ہوں گے، سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے مسائل کا خاتمہ کیا جائے گا جبکہ رولی فلائی اوور ایک بہترین کوشش ہے جس سے شہر مزید منظم ہو گا۔
قیادت کے کہنے پر میں نے کوٹلی سے الیکشن لڑا اور اللہ کے فضل سے دو حکومتوں کا مقابلہ کر کے نشست جیتی۔ آج ہم 13 سے 28 نشستوں تک پہنچ چکے ہیں۔ گزشتہ حکومت ایک کمزور اتحاد تھی۔
جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکرٹری پاکستان پیپلز پارٹی ہمایوں خان نے کہا کہ کشمیر کے غیور عوام کی وفا، خلوص اور وابستگی کو سلام پیش کرتا ہوں۔
میرے والد مرحوم نے یہاں سیاسی مہم چلائی تھی۔ کشمیر کی پارٹی قیادت ہمیشہ وفادار اور ہمدرد رہی ہے۔ افراتفری کے حالات میں حکومت لینے کا فیصلہ مشکل تھا، مگر مجھے خوشی ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر میں اچھا کام کررہی ہے ۔ انشاء اللہ کارکردگی کی بنیاد پر پیپلز پارٹی آئندہ حکومت بنائے گی۔
جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات چوہدری محمد رفیق نئیر نے کہا کہ ان شاء اللہ کارکردگی کی بنیاد پر 2026 ہمارا مقدر بنے گا۔ ہمیں کام کرنا ہے اور عوامی فلاح کو ترجیح دینی ہے۔ کل ہولاڑ سے لے کر آج کوٹلی تک وزیراعظم آزاد کشمیر کا فقیدالمثال استقبال کیا گیا۔
الحمدللہ آزاد کشمیر میں سیاسی حکومت قائم ہے۔ 27 جون کو پارٹی میں شمولیت کے وقت کہا تھا کہ ہم آزاد کشمیر میں اپنی حکومت بنا سکتے ہیں۔ 1990 اور 1996 میں پیپلز پارٹی کے ٹکٹ پر کامیابی حاصل کی، جبکہ 2011 میں کوٹلی سے تین نشستیں جیتیں۔ ان شاء اللہ ضلع کوٹلی کی چھ اور میرپور ڈویژن کی 13 نشستیں پیپلز پارٹی جیتے گی۔
جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خوراک جاوید اقبال بڈھانوی نے کہا کہ ہمیں حکومت مشکل ترین وقت میں ملی ہے۔ ہم سب نے مل کر اس حکومت کو قائم رکھنا ہے، ریاست، سیاست اور سیاسی نظام کو بچانا ہے۔
وزیراعظم آزاد کشمیر کی قیادت میں انقلابی اقدامات کیے جائیں گے۔ ہمیں متحد اور منظم رہنا ہے۔ کوٹلی سے پیپلز پارٹی کامیاب ہو گی۔ مرحوم محمد مطلوب انقلابی ریاست کی اہم شخصیت تھے،
کوٹلی یونیورسٹی کو ان کے نام سے منسوب کیا جانا چاہیے۔ کوٹلی میں وزیراعظم آزاد کشمیر کا شاندار استقبال ہوا، آئندہ نکیال اور راج محل میں بھی انہیں مدعو کیا جائے گا۔
جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ہائر ایجوکیشن ظفر اقبال ملک نے کہا کہ کوٹلی کی سرزمین پر وزیراعظم آزاد کشمیر کو خوش آمدید کہتے ہیں اور انہیں حلقہ راج محل کے دورے کی دعوت دیتے ہیں۔
ہمیں اپنے اکابرین کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے۔ راج محل کے نوجوانوں کے بہتر مستقبل کے لیے کام کریں گے۔ راج محل، گوئی، دندلی اور کوٹلی کی سڑکوں کی پختگی، ریسکیو سینٹر کی فراہمی اور ہیلتھ یونٹس کی اپ گریڈیشن ہمارے نمایاں اقدامات ہیں۔ راج محل کو صدر تھانہ ملا ہے۔ ان شاء اللہ آئندہ حکومت پاکستان پیپلز پارٹی کی ہو گی۔
جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر بلدیات و لوکل گورنمنٹ چوہدری عامر یسین نے کہا کہ یہ جلسے ہماری انتخابی مہم کا حصہ ہیں۔ ہم نے عوام کی خدمت کرنی ہے۔ یہ آٹھ ماہ ٹریلر ہیں، پوری تصویر اگلے پانچ سال اقتدار میں رہ کر دکھائیں گے۔
وزیر مال چوہدری محمد اخلاق نے کہا کہ وسائل سب کے لیے ہیں۔ ہم وزیراعظم آزاد کشمیر کے ساتھ کھڑے ہیں۔ ان شاء اللہ اگلی حکومت بھی پاکستان پیپلز پارٹی کی ہو گی اور کوٹلی سے کامیابی حاصل کریں گے۔
تقریب سے پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے قائدین ملک محمد یوسف، سردار آفتاب انجم، ولید انقلابی، چوہدری عبدالقیوم قمر، چوہدری شازیہ اکبر، ممبر ضلع کونسل شاہنواز یاسین، پیر سید محسن شاہ، سید عامر شاہ، چوہدری محبوب اور دیگر نے بھی خطاب کیا
جلسہ میں کارکنان، عوام، ضلعی افسران، منتخب نمائندگان اور پارٹی عہدیداران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

Comments are closed.