مصنوعی ذہانت کے تیز رفتار دور میں میڈیا کا کردارانتہائی اہم ہے،راشد حنیف سیکرٹری اطلاعات و آئی ٹی
مظفرآباد(کشمیر ایکسپریس نیوز)سیکرٹری اطلاعات و آئی ٹی محمد راشد حنیف نے کہا ہے کہ مصنوعی ذہانت کے تیز رفتار دور میں میڈیا کا کردارانتہائی اہم ہے
محکمہ اطلاعات میں جدت اور مثبت تبدیلیاں بہتر نتائج کی نوید ہیں،محکمہ اطلاعات حکومت کا چہرہ اوراسکاعوام اور حکومت کے مابین پل کا کردار ہے ،
وزیراعظم کے ویژن کے مطابق ریاستی میڈیا کو مزید مستحکم بنانے کے لیے محکمہ اطلاعات اپنا بھرپور اور فعال کردار ادا کرے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ اطلاعات کا چارج سنبھالنے کے بعد محکمہ کی جانب سے دی جانیوالی بریفنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
ناظم تعلقات عامہ راجہ امجد حسین منہاس، ناظم سوشل اینڈ ڈیجیٹل میڈیا محمد بشیر مرزا،ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات و آئی ٹی فرخ ندیم تمنا، نائب ناظم محترمہ قراۃ العین شبیر، آفیسران اطلاعات راجہ محمد سہیل خان ، سید آصف حسین نقوی، محمد حنیف ، راجہ عبدالباسط ،خضرحیات،پروگرامر شمیم انجم عزیز،ایڈورٹائزنگ افسر صغیر احمد، ایڈمن افسر فہیم کیانی، ساجد نذیر و دیگر بھی موجود تھے ۔
محکمہ اطلاعات کی جانب سے سیکرٹری اطلاعات کو محکمہ کے انتظامی ڈھانچے ، ڈیلی ورکنگ ، ترقیاتی منصوبوں بارے بریفنگ دی گئی ۔
سیکرٹری اطلاعات محمد راشد حنیف کا کہنا تھا کہ دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے محکمہ اطلاعات کی استعداد کار میں اضافہ کیا جائے گا تاکہ حکومتی کارکردگی، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاحی اقدامات کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا جا سکے۔
ان کا کہنا تھا کہ محکمہ اطلاعات کو ایک جدید، متحرک اور پیشہ ورانہ ادارہ بنانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔سیکرٹری اطلاعات نے صحافی برادری کے کردار کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ آزاد، ذمہ دار اور باخبر صحافت جمہوری نظام کی مضبوطی کے لیے ناگزیر ہے۔
صحافیوں کو سہولیات کی فراہمی، ان کے مسائل کے حل اور پیشہ ورانہ امور میں آسانی پیدا کرنے کے لیے محکمہ اطلاعات اپنا بھرپور کردار ادا کرے گا۔

Comments are closed.