دمڑی والی سرکارؒکاسالانہ عرس2اور3فروری کوہوگا

دمڑی والی سرکارؒکاسالانہ عرس2اور3فروری کوہوگا

میرپور (کشمیر ایکسپریس نیوز)برصغیر کے عظیم روحانی پیشوا حضرت بابا پیرا شاہ غازی المعروف دمڑی والی سرکارؒ کا سالانہ عرس مبارک محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام دربار عالیہ کھڑی شریف میں 02 اور 03 فروری 2026 مطابق 13 اور 14 شعبان المعظم کو نہایت ہی عقیدت و احترام اور مذہبی طریقے سے منعقد ہو گا۔

 

عرس کی دو روزہ تقریبات میں آزاد کشمیر، پاکستان اور بیرون ممالک سے لاکھوں کی تعداد میں زائرین شرکت کریں گے۔ عرس شریف کے جملہ انتظامات محکمہ اوقاف کے زیر اہتمام کیے جاتے ہیں۔

 

جس میں حکومت آزاد کشمیر کی ہدایات پر انتظامیہ، پولیس، ایمرجنسی و بلدیاتی اداروں، سرکاری محکمہ جات کے ملازمین، این جی اوز،رضاکاروں اور سول سوسائٹی کے افراد بھرپور انداز میں شرکت کرتے ہیں۔

 

عرس کی دو روزہ تقریبات کے سلسلہ میں 02 فروری بروز سوموار 13 شعبان المعظم کو عرس کا آغاز ہوگا عرس کی افتتاحی تقریب 02 فروری بعد از نماز مغرب دربار عالیہ حضرت بابا پیرا شاہ غازی المعروف دمڑی والی سرکارؒ کو غسل دیا جائے گا اور چادر پوشی کی جائے گی

 

جبکہ عرس کی مرکزی دعائیہ تقریب 03 فروری بروز منگل دن 11 بجے جامع مسجد دربار عالیہ کھڑی شریف میں شروع کی جائے گی جس میں نعت خواں حضرات حمد و نعت،عارف کھڑی رومی کشمیر حضرت میاں محمد بخش ؒکا عارفانہ کلام پیش کریں گے

 

اور علماء اکرام اور مشائخِ عظام خطاب فرمائیں گے۔عرس کی اختتامی دعائیہ تقریب 03 فروری دن ایک بجے ہوگی۔جس میں پاکستان اور آزاد کشمیر سمیت عالم اسلام کے مسلمانوں، وطن عزیز کی ترقی، افواج پاکستان کی سربلندی، مقبوضہ ریاست جموں و کشمیر اور فلسطین کی آزادی اور زائرین کی نیک امنگوں کو پایا تکمیل تک پہنچانے کے لیے دعائیں مانگی جائیں گی

 

محکمہ اوقاف ڈویژن میرپور کے منتظمین نے دور دراز اور بیرون ممالک سے آنے والے زائرین سے کہاہے کہ موسم سرما کے باعث اپنے ساتھ گرم کپڑے ضرور ساتھ لائیں۔

Comments are closed.