فیصل راٹھورکا صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار
اسلام آباد (کشمیر ایکسپریس نیوز)آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے ۔
وزیراعظم صدر ریاست کی انتقال کی خبر سن کر شفاء انٹرنیشنل پہنچ گئے اور ان کے صاحبزادے وزیر حکومت یاسر سلطان سے اظہار تعزیت کیا ۔
وزیراعظم نے صدر ریاست کے جسد خاکی کو مکمل سرکاری پروٹوکول کے ساتھ میرپور روانہ کیا ۔وزیراعظم نے آزادجموں و کشمیر کے صدر کے انتقال پر تین روزہ سرکاری سوگ کا اعلان کیا ہے ،اس دوران ریاستی پرچم سرنگوں رہے گا ۔
سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن نے اس کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ۔وزیراعظم نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا انتقال آزادجموں و کشمیر اور کشمیری عوام کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔
وہ ایک مدبر سیاستدان، آئین و قانون کے ماہر اور مسئلہ کشمیر کے پُرعزم و توانا ترجمان تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی ریاستی مفادات اور کشمیری عوام کے حقوق کے لیے وقف کیے۔
وزیراعظم نے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے میں گراں قدر خدمات انجام دیں اور ان کی جدوجہد کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
انہوں نے مرحوم کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حکومتِ آزادکشمیر اس دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندان کے غم میں برابر کی شریک ہے۔وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے،
ان کی مغفرت فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ صبر و حوصلے سے برداشت کرنے کی توفیق دے۔دریں اثناء پاکستان پیپلز پارٹی آزادکشمیر کی جانب سے بھی سوگ کا اعلان کیا گیا ہے

Comments are closed.