بھارت جس زبان میں بات کریگا،اسی میں جواب دیا جائیگا،شہباز

بھارت جس زبان میں بات کرے گا، اسی زبان میں جواب دیا جائے گا۔۔وزیر اعظم کا ہندوستان کوواضح پیغام

 

مظفرآباد (کشمیر ایکسپریس نیوز)یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف مظفرآباد پہنچ گئے جہاں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بھارت کو دو ٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا کہ بھارت جس زبان میں بات کرے گا، اسی زبان میں جواب دیا جائے گا۔

 

وزیراعظم نے مہاجرین کا وظیفہ 3500 سے بڑھا کر 6 ہزار روپے ماہانہ کرنے، مظفرآباد میں دانش یونیورسٹی کے سب کیمپس اور اسلام آباد کی طرز پر خدمت سینٹر کے قیام کا اعلان کیا۔ انہوں نے آزاد کشمیر کے سکولوں کی چھتوں کی تعمیر و مرمت کے لیے ایک ارب روپے کے فنڈز دینے کا بھی اعلان کیا۔

 

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ معرکہ حق میں ذلت آمیز شکست کے بعد بھارت پراکسیز کے ذریعے پاکستان میں دہشت گردی کرا رہا ہے تاہم عسکری اور سفارتی محاذ پر بھارتی جھوٹ کا بیانیہ دفن ہو چکا ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل کشمیریوں کی امنگوں اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد سے ہی ممکن ہے اور عظیم قربانیوں کے نتیجے میں جلد کشمیر کی آزادی ممکن ہوگی۔

 

انہوں نے کہا کہ بھارت کے جارحانہ، توسیع و تسلط پسندانہ عزائم ترک کرنے تک خطے میں امن قائم نہیں ہوسکتا، ہماری بہادر افواج بھارتی کٹھ پتلیوں کا وہی حشر کریں گے جو معرکہ حق میں بھارتی طیاروں کا ہوا۔

 

ان کا کہنا تھا کہ فلسطین اور کشمیر کے عوام کو ان کی مرضی کے مطابق جینے کا حق دینا ضروری ہے، پاکستان نے اہم اسلامی ممالک کے ساتھ مل کر غزہ میں قیام امن کیلئے عملی اقدامات کئے

 

ہم امن چاہتے ہیں لیکن یہ امن برابری کی سطح پر قائم ہو سکتا ہے، آزاد کشمیر حکومت کے ساتھ مل کر علاقے میں انفراسٹرکچر بہتر بنانے کا عمل جاری رکھیں گے

Comments are closed.