آزاد کشمیر اور پاکستان میں یومِ یکجہتی کشمیر پر تاریخی مظاہرے، بھارتی مظالم کے خلاف بھرپور عوامی طاقت کا مظاہرہ، آزاد کشمیر میں لاکھوں افراد سڑکوں پر نکل آئے، آزاد کشمیر اور پاکستان بھر میں انسانی ہاتھوں کی زنجیروں سے بھارتی ظلم بند کرو! بھارت کو دوٹوک پیغام
اسلام آباد(کشمیر ایکسپریس نیوز)آزاد کشمیر اور پاکستان بھر میں 5 فروری یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ بھرپور اظہارِ یکجہتی کیا گیا۔ اسلام آباد، راولپنڈی، مظفرآباد، نیلم، ہٹیاں بالا، باغ، راولا کوٹ، پلندری، کوٹلی، میرپور، بھمبر سمیت آزاد کشمیر کی تمام تحصیلوں میں زبردست احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں اور آزاد کشمیر و پاکستان کو ملانے والے تمام پلوں پر انسانی ہاتھوں کی زنجیریں بنا کر بھارت کو واضح پیغام دیا گیا۔
آزاد کشمیر بھر میں ڈپٹی کمشنرز کی قیادت میں احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کیا گیا، جن میں ضلعی انتظامیہ، سول سوسائٹی، سیاسی و سماجی تنظیموں، مختلف مکاتب فکر کے رہنماؤں اور ہزاروں شہریوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے اہلِ پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مقبوضہ کشمیر کے عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اعادہ کیا۔
ریلیوں سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم ناقابلِ برداشت ہیں اور عالمی برادری کی خاموشی افسوسناک ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عالمی طاقتیں فوری طور پر بھارتی مظالم کا نوٹس لیں اور 78 سال سے آزادی کی جدوجہد کرنے والے کشمیری عوام کو ان کا تسلیم شدہ حقِ خودارادیت دیا جائے۔
مقررین نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ جب تک ایک بھی کشمیری زندہ ہے، آزادی کی جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کو پیغام دیا کہ کشمیری اور پاکستانی عوام اور مسلح افواجِ پاکستان ان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ مقررین نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انشاءاللہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری عوام کو بھارتی تسلط سے آزادی نصیب ہوگی۔
ریلیوں میں پاکستان اور آزاد کشمیر کے پرچم لہرائے گئے، آزادی کشمیر کے نعرے گونجتے رہے اور بھارت کے خلاف شدید نعرہ بازی کی گئی، جس سے پورے خطے میں ایک بھرپور عوامی مزاحمتی جذبے کا اظہار ہوا۔

Comments are closed.