وزیراعظم آزاد کشمیر کی 61ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت، پولیس بجٹ دگنا، مراعات اور سہولیات میں بڑے اعلانات
مظفرآباد (کشمیر ایکسپریس نیوز)کشمیر ایکسپریس ڈیجیٹل کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے پولیس ٹریننگ سکول مظفرآباد میں منعقدہ آزاد جموں و کشمیر پولیس کی 61ویں پاسنگ آؤٹ پریڈ میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ وزیراعظم نے پریڈ کا معائنہ کیا جبکہ آزاد کشمیر پولیس کے چاق و چوبند دستوں نے انہیں سلامی پیش کی۔
تقریب میں موسٹ سینئر وزیر و وزیر قانون میاں عبدالوحید، وزیر خوراک جاوید اقبال بڈھانوی، چیف سیکرٹری خوشحال خان، انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیر یاسین قریشی، سیکرٹری صاحبانِ حکومت اور اعلیٰ سول و ملٹری حکام نے بھی شرکت کی۔
انسپکٹر جنرل پولیس یاسین قریشی نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے پولیس فورس کی پیشہ ورانہ کارکردگی، جدید تربیتی نظام اور آپریشنل تیاریوں سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ پرنسپل پولیس ٹریننگ سکول مظفرآباد ایس ایس پی کامران علی نے پاس آؤٹ ہونے والے ریکروٹس سے حلف لیا اور ٹریننگ سکول کی مجموعی کارکردگی پر بریفنگ دی۔
وزیراعظم آزاد کشمیر نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے ریکروٹس میں انعامات اور اسناد تقسیم کیں جبکہ پولیس کے چاق و چوبند دستوں نے شاندار مارچ پاسٹ پیش کیا جسے شرکاء نے خوب سراہا۔ وزیراعظم نے شجرکاری مہم کے تحت پولیس لائن میں پودا بھی لگایا۔
پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر پولیس نے سیاسی اور انتظامی پیچیدگیوں کے باوجود ہر مشکل اور غیر یقینی صورتحال میں صف اول کے دستے کا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج اور پولیس کے جوان عوام کی حفاظت کے لیے انگنت قربانیاں دے رہے ہیں اور زلزلہ، سیلاب اور دیگر قدرتی آفات کے دوران پولیس کی ریسکیو خدمات قابل تحسین ہیں۔
وزیراعظم نے اعلان کیا کہ آزاد کشمیر پولیس کی آپریشنل استعداد کار بڑھانے کے لیے مختص بجٹ دگنا کیا جا رہا ہے جبکہ شہداء پولیس پیکج کا ازسرِنو جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے پولیس ٹریننگ سکول مظفرآباد میں مارچ بیٹ کی پختگی، خواتین ریکروٹس کے لیے بارکس کی تعمیر اور پولیس افسران کی تنخواہوں و مراعات کو پنجاب کے برابر کرنے کا بھی اعلان کیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ رمضان المبارک کے بعد تینوں ڈویژن میں پولیس دربار لگائے جائیں گے تاکہ فورس کے مسائل براہ راست سنے جا سکیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ فورس کا مورال بلند رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
آخر میں وزیراعظم نے پاس آؤٹ ہونے والے ریکروٹس کو تلقین کی کہ وہ دیانت داری، فرض شناسی اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ فرائض انجام دیں کیونکہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کی ذمہ داری پولیس پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کی وردی وقار، عزت اور عوامی اعتماد کی علامت ہے۔
—
