چیف سیکرٹری اوورسیزکنونشن کی تیاریوں کاجائزہ لینے پہنچ گئے

چیف سیکرٹری مظفرآباد میں اوورسیز کشمیریز کنونشن کی تیاریوں کا جائزہ لینے پہنچ گئے

 

مظفرآباد (کشمیر ایکسپریس نیوز) چیف سیکرٹری آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر خوشحال خان نے اوورسیز کشمیریز کنونشن کے انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے ریاستی دارالحکومت مظفرآباد کے مقامی ہوٹل کا دورہ کیا اور جاری تیاریوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

 

اس موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس محمد یاسین قریشی، ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل ظہیر الدین قریشی، سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن چوہدری امتیاز احمد، سیکرٹری واٹر اینڈ انرجی ریسورسز چوہدری محمد طیب، سیکرٹری اطلاعات و آئی ٹی محمد راشد حنیف، سیکرٹری انڈسٹریز سردار عدنان خورشید، کمشنر مظفرآباد بدر منیر اور ناظم تعلقات عامہ محمد بشیر مرزا سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

 

چیف سیکرٹری کو کنونشن کے انتظامات، سیکیورٹی پلان، مہمانوں کی رہائش، استقبالیہ اقدامات اور دیگر انتظامی امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

 

انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ بیرون ملک سے آنے والے مہمانوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں اور کنونشن کے انتظامات کے حوالے سے کوئی دقیقہ فروگزشت نہ کیاجائے۔

 

اوورسیز کشمیریز کنونشن 16 فروری 2026 کو حکومت آزاد جموں و کشمیر کے زیر اہتمام اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے تعاون سے مظفرآباد میں منعقد ہو رہا ہے، جس میں دنیا بھر میں مقیم اوورسیز کشمیری بھرپور شرکت کریں گے۔

 

کنونشن کا مقصد اوورسیز کشمیریوں کو ریاست کی ترقی، سرمایہ کاری کے مواقع اور ریاستی ترقی کے عمل میں انکی شمولیت کے لیے ایک جامع پلیٹ فارم فراہم کرنا ہے۔

 

یہ کنونشن آزاد کشمیر اور اوورسیز کمیونٹی کے مابین روابط کو مزید مستحکم کرنے اور باہمی تعاون کو فروغ دینے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.