اسلام آباد میں مشرق وسطیٰ کشیدگی کم کرنے کیلئے 4 ملکی اہم اجلاس
اسلام آباد (کشمیر ایکسپریس نیوز)مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی کم کرنے، خطے کی موجودہ صورتحال اور ایران-امریکہ مذاکرات کے حوالے سے آج اسلام آباد میں اہم اجلاس ہوگا۔ اجلاس کی صدارت نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کریں گے۔
ترکیہ اور مصر کے وزرائے خارجہ گزشتہ رات اسلام آباد پہنچ گئے، جبکہ سعودی عرب کے وزیر خارجہ آج یہاں پہنچیں گے۔ چار فریقی اجلاس میں شامل ہونے والے وزراء درج ذیل ہیں:
سعودی عرب: شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود
ترکیہ: ہاکان فیدان
مصر:ڈاکٹر بدر عبد العاطی
پاکستان آمد پر مہمان وزرائے خارجہ کا استقبال ایڈیشنل فارن سیکرٹری افغانستان اور مغربی ایشیا **سید علی اسد گیلانی** نے کیا۔ دفتر خارجہ کے ترجمان **طاہر اندرابی** کے مطابق وزراء خارجہ 30 مارچ تک اسلام آباد میں قیام کریں گے اور اس دوران خطے میں کشیدگی کم کرنے اور باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کریں گے۔ علاوہ ازیں مہمان وزرائے خارجہ وزیرِ اعظم **شہباز شریف** سے بھی ملاقات کریں گے۔
دفتر خارجہ نے بتایا کہ پاکستان سعودی عرب، ترکیہ اور مصر کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے، اور یہ دورہ مختلف شعبوں میں تعاون اور روابط کو مزید مضبوط بنانے کا موقع فراہم کرے گا۔ یہ اعلیٰ سطحی روابط خطے میں امن و استحکام کے لئے پاکستان کی سفارتی کوششوں کا حصہ ہیں۔
مزید برآں، اسحاق ڈار نے قطری وزیراعظم اور انڈونیشین وزیر خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ قطر کے ساتھ بات چیت میں خطے اور عالمی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا اور فوری کشیدگی کم کرنے پر زور دیا گیا، جبکہ انڈونیشیا کے ساتھ دو طرفہ تعلقات اور علاقائی و بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ دونوں مذاکرات میں مضبوط بھائی چارے اور قریبی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق ہوا۔
–
