قومی پیغامِ امن کمیٹی کے وفد کی وزیراعظم سے ملاقات
مظفر آباد (کشمیر ایکسپریس نیوز) قومی پیغامِ امن کمیٹی کا وفد مولانا طاہر محمود اشرفی کی قیادت میں مظفر آباد میں وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور سے ملاقات کے لیے پہنچا۔
ملاقات کے دوران وفد نے آزاد کشمیر میں امن، ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے اپنی بھرپور خدمات پیش کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔وفد نے ممتاز عالم دین اور کوآرڈینیٹر قومی پیغام امن کمیٹی مولانا طاہر اشرفی کی قیادت میں وزیراعظم آزاد کشمیر سے ملاقات کی
،وفد میں کوآرڈینیٹر قومی پیغام امن کمیٹی مولانا طاہر اشرفی ، مولانا راغب نعیمی ، مولانا زبیر فہیم ، مولانا یوسف کشمیری ، ڈاکٹر محمد آصف خان قادری، مولانا ضیاء اللہ شاہ بخاری ، علامہ عارف حسین شاہ وحیدی، مولانا زاہد منصور ، مفتی عبدالرحیم ، علامہ توقیر عباس ، مفتی عثمان ، راجیش کمار ، رمیش سنگھ اروڑا و دیگر موجود تھے،
اس موقع پر وزیراطلاعات آزادکشمیر چوہدری رفیق نئیر ، سیاسی معاون خصوصی برائے وزیراعظم آزاد کشمیر سید اعزادار شاہ ، ترجمان وزیر اعظم آزاد کشمیر شوکت جاوید میر ، پی آر او شوکت خاکسار راٹھور سمیت دیگر بھی موجود تھے،
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے ممتاز عالم دین اور کو آرڈینیٹر قومی پیغام امن کمیٹی مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ قومی پیغامِ امن کمیٹی کا بنیادی مشن “پیغامِ پاکستان” کو فروغ دینا اور ملک بھر میں اتحاد، یگانگت اور مذہبی ہم آہنگی کو مضبوط بنانا ہے،
آزاد کشمیر ایک پرامن خطہ ہے جہاں مسلکی اتحاد اور بین المذاہب ہم آہنگی کی بہترین مثال موجود ہے، اور یہی پیغام دنیا پاکستان بھر میں اجاگر کرنے کی ضرورت ہے،مقبوضہ کشمیر کے عوام کی جدوجہد آزادی ایک حقیقت ہے
اور ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں جب کشمیری اپنے حقِ خودارادیت حاصل کریں گے،قومی پیغامِ امن کمیٹی ہر اس عمل میں بھرپور معاونت فراہم کرے گی جس سے پاکستان اور آزاد کشمیر میں امن، استحکام اور یکجہتی کو فروغ ملے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم آزاد کشمیر نے جس طرح قیادت اور بصیرت کے ساتھ امورِ حکومت کو آگے بڑھایا ہے، وہ قابلِ تحسین ہے وزیراعظم آزادکشمیر اس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔بھارت آزاد کشمیر کو خوش حال نہیں دیکھنا چاہتا ، بھارت کی اس سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے ،
مولانا طاہر اشرفی نے کہا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں دشمن کی سرگرمیاں بڑھ رہی ہیں اور وہ پاکستان اور آزاد کشمیر کو نشانہ بنانے کی کوشش کر رہا ہے، تاہم پاکستان کو حالیہ کامیابی نے ایک مضبوط اور مستحکم مقام عطا کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر بدستور بھارت کے نشانے پر ہے، لیکن یہاں کے عوام اور قیادت اپنے عزم پر قائم ہیں۔وہ دشمن کی مکاری سے آگاہ ہیں ، انہوں نے کہا کہ ہم آزاد کشمیر میں علماء و مشائخ کانفرنس کے انعقاد کے خواہاں ہیں،
خصوصاً معرکۂ حق کی تقریبات کے دوران ایسی کانفرنس کا انعقاد نہایت اہم اور خوش آئند اقدام ہوگا، جو نہ صرف اتحاد و اتفاق کو فروغ دے گا بلکہ ایک واضح اور مضبوط پیغام بھی پاکستان بھر کے لیے اجاگر کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت، صدر پاکستان ، وزیراعظم پاکستان اور بالخصوص فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا نقطہ نظر امن، استحکام اور قومی وحدت کے فروغ کے لیے کوشاں رہنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی پاکستان کی قیادت کی اس جدوجہد کو کامیاب فرمائے اور پاکستان و کشمیر کو امن و استحکام کا گہوارہ بنائے۔
انہوں نے کہا کہ قومی پیغامِ امن کمیٹی آزاد کشمیر میں اپنے کردار کے ساتھ ہر اس خدمت کے لیے حاضر ہے جس میں قومی پیغام امن کمیٹی کی خدمات کی ضرورت ہو، قومی پیغام امن کمیٹی پاکستان اور آزاد کشمیر کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں،
ملاقات میں قومی پیغامِ امن کمیٹی کے اراکین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم آزاد کشمیر کے لیے خدمات پیش کرنے آئے ہیں اور آج کا دن پاکستان کے لیے ایک مبارک دن ہے کیونکہ پاکستان امن مذاکرات کو کامیاب کروانے میں کامیاب ہوا ہے، ان شاء اللہ کشمیر کے عوام کو آزادی نصیب ہوگی ،
اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو معرکۂ حق میں کامیابیاں عطا فرمائی ہیں جس کو دنیا نے تسلیم کیا ہے ، اراکین قومی پیغام امن کمیٹی نے کہا کہ آزاد کشمیر ایک پرامن خطہ ہے یہاں مسلکی اتحاد اور بین المذاہب ہم آہنگی کی بہترین مثال موجود ہے،
ہم یہاں کے امن کی خوشبو کو پورے پاکستان میں پھیلائیں گے۔ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے اور حالیہ کامیابیوں کے بعد پاکستان کو سفارتی محاذ پر نمایاں کامیابیاں حاصل ہو رہی ہیں،
قومی پیغامِ امن کمیٹی کے اراکین نے کہا کہ ہم آزاد کشمیر سمیت پورے پاکستان میں محبت، امن اور یگانگت کا پیغام لے کر جائیں گے۔ پاکستان کو معرکۂ حق میں حاصل ہونے والی کامیابی قیادت کی دانشمندانہ حکمت عملی کا نتیجہ ہے، اور اسی بصیرت کی بدولت ملک عالمی سطح پر سفارتی کامیابیاں حاصل کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں مظالم کی انتہا ہو چکی ہے، تاہم پاکستان کے مثبت اور ذمہ دارانہ کردار سے دنیا میں ایک اچھا تاثر قائم ہوا ہے ، پاکستان محبت و امن کا مرکز بن کر ابھر رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کا ہر دشمن ناکام ہوگا،
ہمیں مل کر مذہبی شدت پسندی کا خاتمہ کرنا ہے ، امن، رواداری اور باہمی احترام کے پیغام کو عام کرنا ہے۔ آزاد کشمیر کی مثبت روایات اور ہم آہنگی کو ملک بھر میں اجاگر کیا جائے گا تاکہ اتحاد و یگانگت کو مزید مضبوط بنایا جا سکے،
قومی پیغامِ امن کمیٹی کے اراکین نے کہا کہ اکھنڈ بھارت کا خواب کبھی پورا نہیں ہوگا اور کشمیری عوام اپنے حق کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔
