پی ٹی آئی کی رجسٹریشن نہ ہوناانتخابات کو متنازعہ بناسکتا

پی ٹی آئی آزاد کشمیر کی رجسٹریشن نہ ہونا انتخابات کو متنازعہ بنا سکتا ہے،سردار عبدالقیوم نیازی صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر

اسلام آباد (کشمیر ایکسپریس نیوز)صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر و سابق وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی نے میڈیا نمائندگان کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کو رجسٹر نہ کرنا دراصل آنے والے انتخابات کو متنازعہ بنانے کے مترادف ہے

کیونکہ کسی بھی بڑی اور عوامی جماعت کو انتخابی عمل سے باہر رکھنے کی کوشش جمہوری اقدار کے منافی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عوام سیاسی طور پر باشعور ہیں اور وہ اس قسم کے ہتھکنڈوں کو بخوبی سمجھتے ہیں اس لیے اگر پی ٹی آئی کو بلے کا انتخابی نشان نہ بھی دیا گیا تو کشمیری عوام بھرپور ردعمل دیں گے اور اپنے ووٹ کے ذریعے اس ناانصافی کا جواب دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جس طرح پاکستان میں عوام نے مختلف انتخابی نشانات کے باوجود اپنے پسندیدہ امیدواروں کو ڈھونڈ کر ووٹ دیے اسی طرح آزاد کشمیر میں بھی عوام پی ٹی آئی کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں گے۔

سردار عبد القیوم نیازی نے کہاہے کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو سفیر کشمیرقرار دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے عالمی سطح پر جس جرات اور مستقل مزاجی کے ساتھ کشمیر کا مقدمہ پیش کیا وہ تاریخ کا ایک اہم باب ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان نے نہ صرف اقوام عالم کے سامنے کشمیریوں کی آواز بلند کی بلکہ اسلاموفوبیا جیسے اہم مسئلے پر بھی بھرپور کردار ادا کیا جس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کی یہی جرات مندانہ پالیسیاں اور خودداری پر مبنی موقف بعض قوتوں کو ناگوار گزراجس کے باعث آج وہ جیل کی سلاخوں کے پیچھے ہیں، تاہم عوام کے دلوں میں ان کی محبت اور مقبولیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ چکی ہے۔

سردار عبدالقیوم نیازی نے آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ صدارتی انتخابات میں غیر ضروری تاخیر کئی سوالات کو جنم دے رہی ہے اور اس سے آنے والے عام انتخابات کے حوالے سے بھی شکوک و شبہات پیدا ہو رہے ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے درمیان ایک طرح کی نوراکشتی جاری ہے، جس کا مقصد عوام کو گمراہ کرنا اور حقیقی اپوزیشن کو کمزور کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ دونوں جماعتیں عوامی مسائل کے حل میں سنجیدہ نہیں بلکہ صرف اقتدار کے کھیل میں مصروف ہیں

سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے اپنے دور حکومت میں عمران خان کے ویژن کے مطابق بلدیاتی انتخابات کروائے تاکہ اختیارات نچلی سطح تک منتقل کیے جا سکیں اور عوام کو براہ راست بااختیار بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام حقیقی جمہوریت کی طرف ایک اہم قدم تھا، جسے عوام نے سراہا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر عمران خان کے ویژن، کشمیر کاز کے لیے ان کی بے پناہ خدمات اور کشمیری عوام کے ساتھ ان کی غیر متزلزل وابستگی کے نعرے کے ساتھ میدان میں اترے گی اور بھرپور کامیابی حاصل کرے گی۔

انہوں نے آخر میں اس عزم کا اظہار کیا کہ تمام تر رکاوٹوں اور چیلنجز کے باوجود پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر اپنے اصولی مؤقف پر قائم رہے گی اور عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی کیونکہ یہی حقیقی جمہوریت کا تقاضا ہے اور یہی کشمیری عوام کی امنگوں کی ترجمانی بھی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.