کھوئی رٹہ،24اپریل کوپیپلزپارٹی کابڑاجلسہ ہوگا،رفیق نئیر

کھوئی رٹہ میں 24 اپریل کو پیپلزپارٹی کا بڑا جلسہ ہوگا،رفیق نئیر وزیراطلاعات، اوقاف و مذہبی امور آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر

کھوئی رٹہ (کشمیر ایکسپریس نیوز) وزیراطلاعات، اوقاف و مذہبی امور آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر چوہدری محمد رفیق نئیر نے کہا ہے کہ 24 اپریل بروز جمعہ وزیراعظم آزاد کشمیر کھوئی رٹہ کے علاقے دھیاڑی باغ میں پاکستان پیپلزپارٹی کے ایک عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کریں گے، جو خطہ کی سیاسی تاریخ کا ایک اہم اور بڑا اجتماع ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے آزاد کشمیر میں اقتدار کو ایک چیلنج کے طور پر قبول کیا اور قلیل مدت، محض پانچ ماہ کے اندر نمایاں تبدیلیاں لا کر عوام کا حکومتی نظام پر اعتماد بحال کیا ہے۔

وہ کھوئی رٹہ پریس کلب میں ایک تفصیلی پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر پارٹی کے دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ وزیراطلاعات نے کہا کہ حکومت جاری ترقیاتی منصوبوں کو ہرگز ختم نہیں ہونے دے گی بلکہ ان میں مزید بہتری لائی جا رہی ہے۔

علاقے میں پلوں اور سڑکوں کی تعمیر کا عمل جاری ہے جبکہ ٹی ایچ کیو ہسپتال کو جدید سہولیات سے آراستہ کر کے صحت کے نظام کو مضبوط بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے، حکومت اس پر پورا اترے گی۔

چوہدری محمد رفیق نئیر نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے آزاد کشمیر میں طویل عرصے سے جاری سیاسی جمود کو توڑ دیا ہے اور اب حقیقی جمہوری ماحول بحال ہو چکا ہے جہاں تمام سیاسی جماعتیں فعال نظر آ رہی ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ آئین کے مطابق عام انتخابات مقررہ وقت پر ہر صورت منعقد ہوں گے، جو یکم جون سے یکم اگست کے درمیان کرائے جائیں گے، اور حکومت اپنی کارکردگی کی بنیاد پر دوبارہ عوامی اعتماد حاصل کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ 24 اپریل کا جلسہ محض ایک سیاسی اجتماع نہیں بلکہ یہ عوامی طاقت کا بھرپور مظاہرہ ہوگا، جس میں کھوئی رٹہ سمیت گرد و نواح سے عوام کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔ انہوں نے کارکنان اور عہدیداران کو ہدایت کی کہ وہ جلسہ کی تیاریوں کے لیے دن رات محنت کریں تاکہ ایک نئی تاریخ رقم کی جا سکے۔

اس موقع پرپاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کے نائب صدر عبدلقیوم قمر نے کہا کہ وزیراعظم کا یہ پہلا دورہ کھوئی رٹہ ہے اور کارکنان کا فرض ہے کہ ان کا شاندار استقبال کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایک تاریخی جلسہ منعقد کر کے یہ ثابت کیا جائے گا کہ پیپلزپارٹی آزاد کشمیر کی سب سے بڑی اور مقبول جماعت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہید مطلوب انقلابی کی قیادت میں منعقد ہونے والے تاریخی ورکرز کنونشن کی روایت کو ایک بار پھر زندہ کیا جائے گا۔

صدر پیپلزپارٹی ضلع کوٹلی چوہدری پرویز اکبر نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے آزاد کشمیر میں عوامی بے چینی کا خاتمہ کر کے حقیقی معنوں میں عوامی راج قائم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 24 اپریل کا جلسہ آئندہ انتخابات میں کامیابی کے سفر کا نقطہ آغاز ثابت ہوگا اور پارٹی پوری قوت کے ساتھ میدان میں اترے گی۔

پیپلزپارٹی کے رہنما چوہدری محمد محبوب نے کہا کہ جلسہ عام کی کامیابی کے لیے پی ایس ایف، پی وائی او اور پارٹی کارکنان کو متحرک کردار ادا کرنا ہوگا اور اجتماعی کوششوں سے اس اجتماع کو یادگار بنایا جائے گا۔

پریس کانفرنس کے دوران ایک سوال کے جواب میں وزیراطلاعات چوہدری محمد رفیق نئیر نے کہا کہ تمام میگا پراجیکٹس پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ انتخابات کا انعقاد الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے جبکہ حکومت امن و امان کے قیام کو یقینی بنائے گی۔ ایکشن کمیٹی کے مطالبات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ حکومت نے اپنے دائرہ اختیار میں رہتے ہوئے تمام مطالبات من و عن پورے کر دیے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مہاجرین کی نشستوں میں ردوبدل اسمبلی کا اختیار ہے اور کسی کے پاس انتخابات کو مؤخر کرانے کا اختیار نہیں۔ کوٹہ سسٹم کے خاتمے سے آزاد کشمیر کے طلبہ کی میڈیکل نشستوں میں کمی واقع ہوئی ہے، جس پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بجلی کا استعمال ضرورت کے مطابق کریں اور اس کے بے جا استعمال سے گریز کریں۔

آخر میں انہوں نے کہا کہ پارٹی ٹکٹ دینا پارٹی قیادت کا اختیار ہے اور جس امیدوار کو ٹکٹ دیا جائے گا، تمام کارکنان اس کی بھرپور انتخابی مہم چلائیں گے تاکہ پیپلزپارٹی ایک بار پھر کامیابی حاصل کر کے عوام کی خدمت کا سلسلہ جاری رکھ سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.