مظفرآبا،پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی ممبرشپ مہم کا آغاز

وزیراعظم نے مظفرآباد سے پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی ممبرشپ کمپین کا آغاز کر دیا

مظفرآباد(کشمیر ایکسپریس نیوز) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے پاکستان پیپلز پارٹی آزاد جموں کشمیر خواتین ونگ کے زیر اہتمام “ممبر شپ کمپین” کا مظفرآباد سے آغاز کر دیا۔ وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر خواتین ونگ محترمہ شاہین کوثر ڈار، چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد اور قائمقام صدر ریاست جوہدری لطیف اکبر کی اہلیہ کے ہمراہ پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی ممبرشپ فارم فل کر کے ممبر شپ کا آغاز کیا۔ اس موقع پر وزراء حکومت سردار جاوید ایوب، سردارضیاء القمر اور جنرل سیکرٹری خواتین ونگ آزاد کشمیر محترمہ شگفتہ نورین کاظمی سمیت پاکستان پیپلزپارٹی خواتین ونگ کی عہدیداران بھی موجود تھیں۔ پیپلز پارٹی خواتین ونگ کی ممبرشپ کمپین کے آغاز پر سینٹرل پریس کلب مظفرآباد میں ایک کنونشن کا انعقاد کیا گیا تھا۔ کنونشن آمد پر وزیراعظم آزادکشمیر کا صدر پیپلز پارٹی خواتین ونگ محترمہ شاہین کوثر ڈار، سیکرٹری جنرل شگفتہ نورین کاظمی، نائب صدور محترمہ فوزیہ حبیب، محترمہ میمونہ حبیب جرال ویگر نے استقبال کیا۔ وزیر اعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے پیپلز پارٹی خواتین ممبر شپ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی شہیدوں اور غازیوں کی جماعت ہے جس کی قیادت نے اپنے ملک کیلئے جانوں کے نذرانے پیش کئے اور ذاتی مفاد پر قومی مفاد کو ہمیشہ فوقیت دی۔ شریک چئیرمین صدر پاکستان آصف علی زرداری نے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت پر ملکی مفاد میں “پاکستان کھپے” کا نعرہ لگا کر مملکت خداداد کو بڑے بحران سے نکال کر ترقی کی ڈگر پر گامزن کیا، اسی جذبے اور لگن کے ساتھ ہم نے آزاد کشمیر میں افراتفری کی صورتحال میں ریاستی نظام کی بھاگ دوڑ سنبھالی اوربرادری اور ہر قسم کے جغرافیائی تعصب سے بالا تر ہو کر سیاسی نظام بحال کیا ہے۔ وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے خواتین کو جو مقام دیا ہے وہ کسی اور پارٹی نے کبھی نہ دیا ہے اور نہ ہی دے سکتی ہے۔ مسلم امہ کی پہلی خاتون وزیراعظم کا اعزاز بھی شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی صورت میں پاکستان پیپلز پارٹی کا کارنامہ ہے۔ خواتین ممبرشپ کیمپین وقت کی ضرورت تھی جس کا آغاز مظفرآباد سے ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر خواتین ونگ محترمہ شاہین کوثر ڈار اور ان کی ٹیم کو بہترین پروگرام کے انعقاد پر مبارکباد دیتا ہوں۔خواتین ونگ پورے آزاد کشمیر میں پارٹی پیغام لے جا کر خواتین کو گراس روٹ لیول پر منظم کرے اور پارٹی کا منشور گھر گھر تک پہنچائے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اس وقت حکومت سنبھالی جب سوشل میڈیا پر کارکنان کا اپنے قائدین کے حق میں لکھنا بھی مشکل ہو گیا تھا، ریاست میں جنم لینے والی افراتفری کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی نے نظام حکومت کو سنبھال کر یہ ثابت کر دیا کہ صرف پاکستان پیپلز پارٹی ہی وہ جماعت ہے جو ملک کو کسی بھی بحران سے نکال سکتی ہے۔انہوں نے آزادکشمیر کے چند ماہ قبل کے حالات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جن راستوں پر سیاسی قیادت کاچلنا محال تھا وہیں عوام نے پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے بھمبر سے تاوبٹ تک ہمارا استقبال کیا اور سیاسی نظام بحال کیا۔ ہم نے عوام کیلئے وزیراعظم کے دروازے کھولے اورسٹیٹس کو کو توڑکر عوامی راج قائم کیا۔اوورسیز کشمیریز کا اعتماد بحال کیا اور انکے مسائل کے حل کیلئے پورٹل قائم کیا، جموں وکشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات پورے کئے۔انہوں نےکہا کہ زراعت کے فروغ اور کسانوں کی سہولت کیلئےزرعی کانفرنس کے ذریعے زراعت کی ترقی کیلئے کام کر رہے ہیں، وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور نے کہا کہ جب تک اختیار ہے آخری لمحے تک عوام کی فلاح و بہبود کیلئے نظر آئے گا۔ آزاد کشمیر میں الیکشن وقت پر ہوں گے اور پاکستان پیپلز پارٹی کارکردگی کی بنیاد پر دوبارہ حکومت بنائے گی۔وزیر اعظم نے کہا کہ ہم نے صرف حکومت نہیں بنائی اپنی پارٹی کو بھی مضبوط کیا ہے جس پر مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ
سالڈ ویسٹ منجمنٹ پراجیکٹ کے ذریعے دارالحکومت مظفرآباد کے صفائی ستھرائی کے مسائل کو حل کرنے کا آغاز کر دیا۔ ہم نے مختصر وقت میں ریاست کو بچانے کی کوشش کی اور الحمدللہ اس میں کامیاب ہو گئے ہیں، لوگوں کا سیاسی نظام پر اعتماد بحال ہوا ہے۔ اللہ تعالی ہمیں عوامی امنگوں پر پورا اترتے ہوئے عوام کیلئے ڈیلیور کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے پاکستان کو جو مقام عطا کیا اس پر پوری قوم کا سر فخر سے بلند ہوا ہے۔ دنیا میں قیام امن یقینی بنانے کیلیے مصالحانہ اور قائدانہ کردار ادا کرنے پر صدر پاکستان آصف علی زرداری ،وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ پاکستان پیپلز پارٹی معاشرے کی ترقی کیلئے خواتین کے کردار کو حقیقت سمجھتی ہے۔ انہوں نےکہا کہ مرحوم ممتاز حسین راٹھور کی کامیابی میں بھی میری والدہ محترمہ کا برابر کا کردار رہا ہے۔
اس موقع پر چئیرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام و صدر پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ خیبر پختونخواہ سینیٹر روبینہ خالد نے وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور، بیگم لطیف اکبر اور صدر خواتین ونگ آزاد کشمیر محترمہ شاہین کوثر ڈار و دیگر خواتین عہدیداران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب نظریہ بھٹو کے چاہنے اور ماننے والے ہیں اور وقت نے ثابت کیا ہے کہ اس وقت جو پاکستان کا وقار دنیا میں بلند ہوا ہے اس میں شہید ذوالفقار بھٹو، شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنانے کیلئے جو کردار ادا کیا آج اسی کی بدولت ہمارے سر فخر سے بلند ہوئے ہیں، پاکستان کا مقدمہ پوری دنیا میں لے کر جانے والا بھی شہید ذوالفقار علی بھٹو کا نواسا ہے۔آج آپ نے پاکستان پیپلزپارٹی کا پیغام گھر گھر لے کر جانا ہے، آپ بہت خوش نصیب ہیں کہ آپ کو فیصل ممتاز راٹھور کی صورت میں نوجوان وزیراعظم دستیاب ہے آپ سب نے ان کا ساتھ دینا ہے اور پاکستان پیپلزپارٹی کو آزاد کشمیر میں دوبارہ کامیاب بنانا ہے۔ صدر تقریب و پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر خواتین ونگ کی صدر محترمہ شاہین کوثر ڈار نے وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور، صدر خواتین ونگ خیبر پختونخواہ، چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام/سینیٹر روبینہ خالد، بیگم لطیف اکبر و دیگر مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آج کا کنونشن “مقبوضہ جموں وکشمیر کی خواتین کے نام ہے” جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر تحریک آزادی کشمیر کو جلا بخشی۔بھارت کی جانب سے کشمیری خواتین کو جعلی مقدمات کے ذریعے دی جانے والی سزا کی شدید مذمت کرتی ہوں۔ انہوں نے کہا کہ محترمہ فریال تالپور کے ہدایات کے مطابق پیپلز پارٹی کی ممبرشپ مہم کا آغاز کر رہے ہیں انشاءاللہ پاکستان پیپلز پارٹی کارکردگی کی بنیاد پر آزاد کشمیر میں انتخابات میں کامیابی حاصل کرکے دوبارہ حکومت بنائے گی۔ بھمبر سے لے کر تاوبٹ تک ہر گھر میں جاکر خواتین ونگ کو منظم کریں گے۔ انہوں نے صدر پاکستان پیپلز پارٹی خیبر پختونخواہ خواتین ونگ چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام/ سینیٹر روبینہ خالد سےبے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ازسر نو سروے کا مطالبہ کیا۔ صدر خواتین ونگ نے ممبرشپ کنونشن میں شریک خواتین عہدیداران اور کارکنان کا بھی شکریہ ادا کیا۔ بیگم چوہدری لطیف اکبر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم آزادکشمیر فیصل ممتاز راٹھور کی شکرگزار ہوں کہ وہ خواتین کی ممبرشپ کیمپین پروگرام میں شرکت کی۔ پاکستان کی ترقی کیلئے خواتین کا کلیدی کردار ہے، آزاد کشمیر کی خواتین کا خطے اور سیاسی نظام کی بہتری کیلئے بے پناہ خدمات ہیں،ہماری ساری خواتین ہمارے لئے قابل فخر ہیں۔ معاون خصوصی ہمراہ وزیراعظم آزادکشمیر مبشر منیر اعوان نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا اعزاز ہے کہ بے نظیر بھٹو کی صورت میں امت مسلمہ کو پہلی خاتون وزیراعظم ملی۔ وزیراعظم فیصل ممتاز راٹھور کی سربراہی میں قائم پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کی حکومت شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے افکار و نظریات کے مطابق عوامی خدمت عوام کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے سرگرم عمل ہے۔ حکومت نے مختصر وقت میں بے چینی اور عدم اعتماد کی فضا کو ختم کرنے کیلئے جو اقدامات اٹھائے وہ لائق تحسین ہیں، آزاد کشمیر کے چپے چپے میں جا کر سیاسی نظام کو بحال کرنے کیلئے وزیراعظم آزادکشمیر نے جو محنت کی اس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ ترجمان وزیراعظم آزادکشمیر شوکت جاوید میر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر کے لئے فیصل ممتاز راٹھور کی صورت میں وزارت عظمی ہمارے لئے کسی نعمت سے کم نہیں، نوجوان اور زیرک سیاستدان کی وزارت عظمی کے دوران کشمیر اور پاکستان کے نظریاتی رشتے کو مضبوط کیا اور حقیقی معنوں میں عوامی حکومت قائم کرکے عوام کے مسائل سنے اور بروقت حل کر کے عوام میں پائی جانے والی بے چینی کو ختم کیا۔ میزبان تقریب مرکزی سیکرٹری جنرل پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر خواتین ونگ محترمہ سیدہ شگفتہ نورین کاظمی نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض سر انجام دئے۔ خواتین ممبرشپ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے سینئر نائب صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر خواتین ونگ فوزیہ حبیب، نائب صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر خواتین ونگ محترمہ ثمنہ آفتاب، نائب صدر پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر خواتین ونگ محترمہ نسیم میر، ڈپٹی سیکرٹری پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر خواتین ونگ محترمہ فوزیہ گیلانی و دیگر نے وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور، صدر خواتین ونگ خیبر پختونخواہ محترمہ روبینہ خالد و دیگر مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور خواتین ممبرشپ کیمپین کا خیر مقدم کیا۔خواتین ممبرشپ کنونشن میں سیکرٹری اطلاعات پاکستان پیپلزپارٹی آزاد کشمیر خواتین ونگ محترمہ زوبیہ خورشید نے قرار داد پیش کی جس کو متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔ممبرشپ کنونشن سے صدر پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ ضلع نیلم سیدہ کانتا، صدر پاکستان پیپلز پارٹی خواتین ونگ جہلم ویلی، صدر پنجاب زون مسرت گجر و دیگر نے بھی خطاب کیا اور پاکستان پیپلزپارٹی اور نظریہ بھٹو کو گھر گھر تک پہچانے کا عزم کیا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.