بڑھتی ہوئی آبادی قومی وسائل پر بوجھ اور ترقی کے لیے بڑا چیلنج ہے: وزیراعظم شہباز شریف
اسلام آباد (کشمیر ایکسپریس نیوز) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملک میں بڑھتی ہوئی آبادی کی تشویشناک صورتحال پر قابو پانے کے لیے ‘نیشنل پاپولیشن کونسل’ کے قیام کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعظم اس کونسل کے خود سربراہ ہوں گے جبکہ چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد کشمیر اور وزیراعلیٰ گلگت بلتستان اس کونسل کے رکن ہوں گے۔
آبادی کے مسائل پر منعقدہ اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ وسائل اور آبادی میں توازن ہی پائیدار ترقی کی ضمانت ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ آبادی کے نظم و نسق کے لیے ایک مؤثر اور مربوط قومی حکمت عملی تشکیل دی جائے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تیزی سے بڑھتی آبادی قومی وسائل پر دباؤ بڑھا رہی ہے، جس سے نمٹنے کے لیے آگاہی مہم، صحت و تعلیم کی سہولیات اور خواتین کی معاشی خودمختاری پر توجہ دینا ہوگی۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ خاندانی منصوبہ بندی اور آبادی کے توازن سے متعلق عوامی آگاہی مہم میں علمائے کرام اور کمیونٹی لیڈروں کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ:پاکستان میں آبادی کی شرح نمو 2.55 فیصد تک پہنچ چکی ہے جو کہ معاشی استحکام کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔تمام ہیلتھ سینٹرز پر خاندانی منصوبہ بندی کی سہولیات لازمی فراہم کی جائیں گی۔
بینظیر انکم سپورٹ جیسے سماجی تحفظ کے پروگراموں کو آبادی کنٹرول کرنے کی ترغیبات سے جوڑا جائے گا۔خواتین کو بااختیار بنانا آبادی کی رفتار کم کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتا ہے۔: اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، ڈاکٹر مصدق مسعود ملک، عطاء اللہ تارڑ، سید مصطفیٰ کمال، وزیرِ مملکت ملک مختار احمد بھرتھ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
