اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم محمد شہبازشریف کی صدارت میں اسلام آباد اجلاس میں وفاقی وزراء اور مذاکراتی کمیٹی کی بریفنگ کے بعد فیصلہ سامنے آگیا
جس میں طے پایا وزیر اعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور اور اپوزیشن لیڈر شاہ غلام قادر کی میزبانی میں 3 جون کی مظفرآباد میں آزاد کشمیر کی سیاسی جماعتوں کی اے پی سی بلانے پر اتفاق ،
ا ے پی سی کے اعلامیہ کو اگلے دن اسمبلی اجلاس میں پیش کیا جائیگا اور اسمبلی اجلاس کی متفقہ قرار داد کو مدنظر رکھ کر مہاجرین نشستوں پر حتمی فیصلہ کیا جائیگا
اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ انتخابات آئین اور شیڈول کے مطابق کرا ئے جائینگے، وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور، صدر پی پی پی آزاد کشمیر چوہدری محمد یاسین،وفاقی وزراءو دیگر شریک ہوئے،
اس موقع پر آزاد جموں و کشمیر میں متوقع عام انتخابات، مہاجرین نشستوں اور جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے مطالبات کے حوالے سے اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے آزاد کشمیر سے متعلق وفاقی مذاکراتی ٹیم کی اہم ملاقات اختتام پذیر ہوگئی، جس میں آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال، انتخابی تیاریوں اور مہاجرین نشستوں کے مستقبل پر تفصیلی غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی مذاکراتی ٹیم نے وزیراعظم کو جموں و کشمیر جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے ساتھ ہونے والے مذاکرات کی پیش رفت پر بریفنگ دی اور کمیٹی کے مطالبات پر عملدرآمد کی موجودہ صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔
اجلاس میں جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی جانب سے 9 جون کو دی گئی ہڑتال اور احتجاجی کال کے مختلف پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی 12 مہاجر نشستوں سے متعلق آئینی و قانونی امور پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
مہاجرین نشستوں کے مستقبل کے حوالے سے رواں ہفتے مظفرآباد میں آل پارٹیز کانفرنس بلانے کی تجویز بھی زیر غور آئی جبکہ تمام سیاسی جماعتوں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لینے پر اتفاق کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے دوران 12 مہاجر نشستوں کو برقرار رکھنے کے حوالے سے وسیع اتفاقِ رائے سامنے آیا اور اس امر پر زور دیا گیا کہ اس حساس معاملے پر حتمی فیصلہ سیاسی اتفاقِ رائے، آئینی تقاضوں اور عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائے گا۔
اجلاس میں آزاد کشمیر میں عام انتخابات کے انعقاد سے متعلق آئینی، قانونی اور انتظامی امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق شفاف، بروقت اور پرامن انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے مختلف تجاویز اور آپشنز پر غور کیا گیا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی تشکیل کردہ مذاکراتی کمیٹی، وزیراعظم آزاد کشمیر، اپوزیشن لیڈر اور دیگر متعلقہ فریقین بھی مشاورتی عمل میں شریک تھے۔
اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ وفاقی اور آزاد کشمیر کی قیادت تمام فریقین کو ساتھ لے کر مسئلے کا قابل قبول اور دیرپا حل تلاش کرنے کے لیے کوششیں جاری رکھے گا
