مظفرآباد(کشمیر ایکسپریس نیوز) آزادجموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی نے گزشتہ روز آل پارٹیز کانفرنس کے جاری کردہ اعلامیہ کی توثیق کرتے ہوئے آزادکشمیر میں عام انتخابات کے انعقاد کیلئے تمام آئینی و قانونی تقاضے پور ے کرنے کی تائید کر دی ہے ،
گزشتہ روز قانون ساز اسمبلی کے اجلاس میں وزیر قانون میاں عبدالوحید ، وزیر خزانہ قاسم مجید ، وزیر جنگلات جاوید ایوب ، وزیر مواصلات ضیاء القمر ، وزیر کشمیر کاز نبیلہ ایوب کی پیش کردہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی گئی ،
قرارداد پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر خزانہ چوہدری قاسم مجید نے جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی اور حکومت آزادکشمیر کے نمائندگان کے مابین 4 اکتوبر 2025ء کو طے پانے والے معاہدے پر عملدرآمد کی تفصیل ایوان کے سامنے رکھی
اور کہا کہ آزادکشمیر حکومت نے اپنی حد تک تمام مطالبات پر عملدرآمد مکمل کر لیا ہے ، کچھ معاملات ایسے ہیں جو قانون سازی اور منصوبہ بندی سے تعلق رکھتے ہیں جن پر کارروائی جاری ہے ،
وزراء حکومت نے گزشتہ روز آل پارٹیز کانفرنس کے اعلامیہ کو بطور قراردا د ایوان میں منظوری کیلئے پیش کیا تھا ، وزیر خزانہ کے بعد وزیر قانون میاں عبدالوحید نے آئینی کمیٹی کی کارکردگی کے حوالے سے ایوان کو تفصیلات بتائیں
اور کہا کہ آئینی کمیٹی نے تحریری طور پر ایک دوسرے کو اپنا موقف پیش کیا ، اس دوران مظفرآباد اعلیٰ سطحی اختیاراتی کمیٹی کے ساتھ مذاکرات بھی ہوئے اور اس کے بعد آج اسمبلی کا اجلاس بھی ہو رہا ہے
