اطاعتِ نظم،قرآن فہمی ہی معاشرتی تبدیلی کی بنیاد،ثمینہ سعید

اسلام آباد:(کشمیر ایکسپریس نیوز) حلقۂ خواتین جماعت اسلامی ضلع ائیرپورٹ کراچی کے زیرِ اہتمام فہمِ قرآن کورس مکمل کرنے والے شرکاء کے اعزاز میں ایک پُروقار پروگرام منعقد کیا گیا، جس میں سابق رکن اسمبلی بلوچستان اور ڈپٹی سیکرٹری حلقہ خواتین و ڈائریکٹر میڈیا سیل ثمینہ سعید نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔

اپنے خطاب میں ثمینہ سعید نے فہمِ قرآن کورس کے شرکاء کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ قرآنِ حکیم کو سمجھنا اور اس کی تعلیمات کو اپنی زندگی کا حصہ بنانا دراصل ایک فکری اور روحانی انقلاب کی بنیاد ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو افراد قرآن سے جڑ جاتے ہیں، وہ نہ صرف اپنی ذات بلکہ اپنے خاندان، معاشرے اور قوم کی اصلاح کا ذریعہ بنتے ہیں۔

انہوں نے شرکاء سے مختلف سوالات کیے جن کے شرکاء نے اعتماد اور مدلل انداز میں جوابات دیے، جس پر انہوں نے خوشی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ امر اس بات کا ثبوت ہے کہ فہمِ قرآن کورس نے شرکاء کی فکری و علمی استعداد میں نمایاں اضافہ کیا ہے۔‘

ثمینہ سعید نے کہا کہ قرآن صرف تلاوت کے لیے نہیں بلکہ زندگی کو سنوارنے، فیصلوں کو درست کرنے اور معاشرے کو عدل و انصاف کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے نازل کیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب خواتین قرآن کے پیغام کو سمجھ کر آگے بڑھتی ہیں تو پورا معاشرہ خیر، شعور اور مثبت تبدیلی کی جانب سفر شروع کر دیتا ہے۔

پروگرام کے دوسرے سیشن میں ثمینہ سعید نے “موثر اسٹڈی سرکل” کے موضوع پر ایک تربیتی ورکشاپ کروائی۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی روایت میں علمی و تربیتی حلقہ جات کو خصوصی اہمیت حاصل ہے اور یہی حلقے افراد کی فکری و اخلاقی تعمیر کا مؤثر ذریعہ بنتے ہیں۔ انہوں نے اسٹڈی سرکل کے مؤثر انعقاد کے اصول، شرکاء کی شمولیت بڑھانے کے طریقوں اور دعوتی و تربیتی مقاصد کے حصول کے حوالے سے مفید رہنمائی فراہم کی۔

مدرسات اور منتظمات کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آپ نے اطاعتِ نظم، ذمہ داری اور اخلاصِ عمل کی ایک روشن مثال قائم کی ہے۔ آپ کی یہ محنتیں اللہ تعالیٰ کے ہاں محفوظ ہیں اور ان شاء اللہ ان کے ثمرات معاشرے میں دور رس اثرات مرتب کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی تحریک کی اصل قوت افراد کی خاموش، مخلص اور مسلسل جدوجہد ہوتی ہے۔ قرآن کے پیغام کو عام کرنے والی یہ کوششیں مستقبل کے روشن معاشرے کی ضمانت ہیں۔

سماجی اور سیاسی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے ثمینہ سعید نے کہا کہ ہمارے حکمران عوام سے کیے گئے وعدے پورے نہیں کرتے، حالانکہ وعدہ خلافی اسلامی تعلیمات کی روشنی میں نفاق کی علامات میں شمار ہوتی ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ قیادت اور حکمرانی امانت ہے جسے دیانت داری، سچائی اور جواب دہی کے اصولوں کے مطابق نبھایا جانا چاہیے۔

اس موقع پر ناظمہ کراچی جاوداں فہیم، نائب ناظمہ کراچی فرح عمران، نائب ناظمہ کراچی ندیمہ تسنیم، نائب ناظمہ کراچی ثمرین احمد، معتمدہ جماعت اسلامی کراچی ساجدہ تنویر، ناظمہ ضلع ائیرپورٹ حمیرا اشرف سمیت نظمِ ضلع، ناظماتِ علاقہ، مدرسات اور فہمِ قرآن کورس کے شرکاء کی بڑی تعداد موجود تھی۔

شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ قرآنِ حکیم کے پیغام کو اپنی عملی زندگی میں نافذ کرنے اور معاشرے میں اس کی تعلیمات کو عام کرنے کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے۔#

Leave A Reply

Your email address will not be published.