علی گیلانی کانظریہ کشمیریوں کے عزم کی علامت ہے:افتخار گیلانی

اسلام آباد (کشمیر ایکسپریس نیوز)آزادجموں و کشمیر کے وزیراعظم افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ سید علی گیلانی کے کردار اور جدوجہد کی وجہ سے آج جموں و کشمیر میں نہیں پاکستان میں نہیں بلکہ پوری دنیا کے اندر ان کی کمٹمنٹ کی مثال دی جاتی ہے ۔انہوں نے جو موقف اپنایا اس پر مرتے دم تک قائم رہے اور وہ ہے ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے ۔وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار جموں و کشمیر لبریشن سیل اور کل جماعتی حریت کانفرنس کے زیر اہتمام بابائے حریت سید علی گیلانی کی پانچویں برسی کی تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوے کیا ۔انہوں نے کہا کہ آج کے دن مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں ،بہنوں ،نوجوانوں اور بزرگوں کی جرات اور بہادری کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے بھارتی فوج کی تمام تر بربریت کا سامنا کیا ۔کشمیری قوم نے ثابت کیا کہ وہ بھارت کے سامنے سر نہیں جھکائے گی ۔انہوں نے کہا کہ سید علی گیلانی کا نعرہ ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے ہر کشمیری کا نصب العین ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر ایک نسل سے دوسری نسل میں منتقل ہو گئی اور نئی نسل بھی اس تحریک کو پوری جرات اور استقامت کے ساتھ آگے بڑھا رہی ہے اور انمول قربانیاں دے رہی ہے ۔انہوں نے جموں و کشمیر لبریشن سیل کو ہدایت دی کہ ایسے تمام اکابرین جنہوں نے تحریک آزادی کشمیر میں گراں قدر قربانیاں دی ہیں انہیں یاد رکھا جائے اور ان کی یاد میں تقاریب کا انعقاد کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے مقررین کی تجاویز پر مشتمل اعلامیہ پر غور کیا جائے گا اور اس کے اہم نکات پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے گا ۔انہوں نے تقریب کے منتظمین اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا

Leave A Reply

Your email address will not be published.