بلوچستان میں دہشتگردی کا مقصد پاک چین کے درمیان فاصلے پیدا کرنا ہے،وزیراعظم
اسلام آباد(کشمیر ایکسپریس نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کا مقصد پاکستان اور چین کے درمیان فاصلے پیدا کرنا ہے،
دہشت گردی کو ختم کرنے کا اب وقت آن پہنچا۔شہباز شریف نے وفاقی کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے
بلوچستان میں گزشتہ روز پیش آئے دہشت گردی کے واقعات کے بارے میں کہا کہ 50 سے زائد شہری اور سکیورٹی اہلکار شہید ہوئے ہیں،
خیبر پختو نخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کی لہر میں ٹی ٹی پی ملوث ہے جو افغانستان سے حملے کررہی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردوں کی بہت بڑی غلط فہمی ہے کہ وہ بے گناہ شہریوں کو شہید کرکے اپنی دھاک بٹھاسکتے ہیں ۔
انھوں کہاکہ سکیورٹی فورسز کی قربانیاں کسی صورت رائیگاں نہیں جائیں گی، دہشتگردی کے حالیہ واقعات کو روکنا ضروری ہے،
دہشتگردوں کے خلاف بہت موثر آپریشنز کئے گئے، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے ہمارا عزم پختہ ہے،
دہشت گری کا مقصد ملک میں خلفشار پیدا کرنا اور خوش حالی کیلئے اٹھائے گئے حکومتی اقدامات کو روکنا ہے،
سی پیک کو روکا جاسکے اور پاکستان و چین کے درمیان فاصلے پیدا کیے جاسکیں۔
انہوں نے کہا کہ باقی اخراجات کم کرکے فوج کو تمام تر وسائل فراہم کریں گے، دہشت گردوں کے عزائم خاک میں مل جائیں گے،
ہمیں اپنے دشمنوں کو پہچاننا اور شکست دینے کیلئے یکجا ہونا ہوگا، دہشت گردی کو ختم کرنے کا اب وقت آن پہنچا، اسے اب ہر صورت ختم کرکے دم لیں گے، دہشت گردوں کیلئے کوئی جگہ نہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پختہ ارادے سے آگے بڑھنا ہے، کسی کمزوری کا سوال پیدا نہیں ہوتا، بلوچستان میں جو لوگ قومی پرچم ، آئین و قانون کو تسلیم کرتے ہیں
ان سے بات چیت کے دروازے ہر وقت کھلے ہیں لیکن دیگر سے کوئی بات چیت نہیں اور نرمی روا نہیں رکھی جائے گی،
روز کے واقعات سب کے لیے لمحہ فکریہ ہیں، مل جل کر چیلنجز کا خاتمہ کریں گے۔انہوں نے کہا کہ یہ کہنا کہ ملک کے کس حصے کے لوگوں کو بسوں سے اتار کر شہید کیا گیا،
اس کے بجائے یہ کہنا ملکی سالمیت کے حوالے سے مناسب ہوگا کہ دہشت گردوں نے پاکستانیوں کو شہید کیا،
جلد بلوچستان کا دورہ کرکے مکمل جامع بات چیت کروں گا اور صورتحال کا جائزہ لے کر اور فی الفور اقدامات کئے جائیں گے۔
Comments are closed.