سری لنکا میں قید 56 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے

سری لنکا میں قید 56 پاکستانی وطن واپس پہنچ گئے برسوں بعد وطن واپسی پر قیدیوں کی آنکھوں میں خوشی ،محسن نقوی ،عبدالعلیم کو دعائیں

اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) سری لنکا میں کئی سالوں سے قید 56 پاکستانی بخیریت وطن واپس پہنچ گئے۔ برسوں بعد وطن واپس آنے پر قیدیوں کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو پاکستان آمد پر محسن نقوی اور عبدالعلیم خان کو دعائیں، اور اظہار تشکر۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر نجکاری عبدالعلیم خان کی مشترکہ کاوشوں سے 5 خواتین اور 51 مرد قیدیوں کو سری لنکا سے چارٹرڈ طیارے کے ذریعے وطن واپس لایا گیا۔ وطن واپس آنے والی بزرگ خاتون نے وفاقی وزراء کو مخاطب کرتے ہوئے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ہم پاکستان واپس آ گئے ہیں۔حکومت پاکستان کی مہربانی۔ احسان زندگی بھر نہیں بھول سکتے۔

وطن واپس آنے والے شخص نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محسن نقوی اور عبدالعلیم خان کی بدولت آج وطن واپس آئے ہیں۔وطن واپسی پر پاکستانی قیدی نے مزید کہا کہ جن حالات میں قید تھے، شکر ہے ہم واپس وطن آئے۔

وطن واپسی پر ایک اور قیدی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ محسن نقوی اور عبدالعلیم کے شکرگزار ہیں کہ وہ ہمیں اپنے گھر واپس لائے۔ اس ضمن میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی یقینی بنانے کیلئے ذاتی دلچسپی لی اور سری لنکن ہائی کمشنر کے ساتھ اس ایشو کو اٹھایا۔

وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے سری لنکا سے پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی کے تمام اخراجات برداشت کئے۔ محسن نقوی نے کہا کہ قیدیوں کی وطن واپسی کے لیے تعاون پر سری لنکن حکومت اور ہائی کمشنر کے کردار کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قیدیوں کی واپسی کے اخراجات برداشت کرنے پر وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔

 

یہ بھی پڑھیں

وزیرِ اعظم شہبازکی برطانوی وزیرِ اعظم کیئر اسٹارمر سے ملاقات

Comments are closed.