کشمیری بھارتی تسلط کبھی قبول نہیں کرینگے،وزیر اطلاعات
کشمیریوں کی جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک بھارت کے قدم کشمیر کی مقدس دھرتی سے اکھڑ نہیں جاتےپاکستان کی حکومتیں، عوام اور پاک فوج اپنی غیر متزلزل اخلاقی وسیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے،پیر مظہرسعیدشاہ
مظفرآباد(,وقائع نگار)وزیر اطلاعات آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر پیر محمد مظہر سعید شاہ نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر1947 کو بھارت نے اخلاقی اور بین الاقوامی اصولوں کو پاؤں تلے روندتے ہوئے کشمیر کی دھرتی پر اپنی فوجیں اتاریں اور ظلم و جبر کا بدترین سلسلہ شروع کیا جس میں ہر گزرتے دن کے ساتھ اضافہ ہو ر ہاہے۔
کشمیریوں نے بھارت کے ناجائز تسلط کو نہ قبول کیا ہے نہ کبھی کریں گے۔ بھارت کشمیر پر اپنے ناجائز تسلط کو دوام دینے کے لیے انسانی تاریخ کے بدترین مظالم ڈھا کر بھی ناکام رہا ہے۔
کشمیریوں کی جدوجہد اس وقت تک جاری رہے گی جب تک بھارت کے ناپاک قدم کشمیر کی مقدس دھرتی سے اکھڑ نہیں جاتے۔ وزیر اطلاعات نے 27اکتوبر یوم سیاہ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ تقسیم ہند سے قبل ہی ہندو رہنماؤں کی نظریں وسائل سے مالا مال ریاست جموں وکشمیر پر لگی ہوئیں تھیں اور انہوں نے ہندو اقلیت والی ریاست کو مہاراجہ کے ذریعے جبراًبھارت کے ساتھ ملانے کی کوشش کی اور 27 اکتوبر 1947کو ریاست جموں و کشمیر کے بڑے حصے پر قبضہ کر لیا جس کو کشمیری عوام نے کبھی تسلیم نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت جب بندوق کی نوک پر کشمیریوں کو اپنے ساتھ رہنے پر راضی نہ کرسکا تو اس نے جموں وکشمیرمیں کالے قوانین متعارف کرائے اور دہشت گردی کے نام پر کشمیر ی عوام کو نشانہ بنایالیکن بھارت اپنے مکروہ عزائم میں ہمیشہ ناکام ہوا ہے کیونکہ کشمیری عوام کا عزم و حوصلہ ایک سیسہ پلائی ہوئی دیوار کی طرح ہے۔
آج یوم سیاہ کے دن میں کشمیری بہن بھائیوں کو یقین دلاتا ہوں کہ آپ کی اس جدوجہد میں آزادکشمیر اور پاکستان کی حکومتیں، عوام اور پاک فوج اپنی غیر متزلزل اخلاقی وسیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر ہماری پہلی ترجیح ہے اور منزل ہے اپنی منزل کے حصول تک اپنے کشمیری بھائیوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔