پی ٹی آئی احتجاج ختم،نظام زندگی بحال،راستے اور موٹرویز کھل گئیں اسلام آباد کی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی معمول پر آ گئی ، موبائل فون پرڈیٹا بھی بحال ہو گیا
لاہور (کشمیر ایکسپریس نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج ختم ہونے کے بعد نظام زندگی بحال ، داخلی و خارجی راستے کھول دیئے گئے جبکہ موٹرویز کو بھی ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا ،انٹرنیٹ سروس بحال ہو گئی ۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گرینڈ آپریشن مکمل ہونے کے بعد معمولات زندگی بحال ہو گئے،انتظامیہ نے پی ٹی آئی احتجاج کے باعث بند کی جانے والی سڑکیں آمدورفت کے لیے کھول دی ہیں،
اسلام آباد کی سڑکوں پر ٹریفک کی روانی معمول پر آ گئی،اسلام آباد میں موبائل فون پرڈیٹا بھی بحال ہو گیا،احتجاج کے باعث گزشتہ 3 روز سے معطل ہونے والی انٹر نیٹ سروس بھی بحال ہوگئی ۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق پی ٹی آئی احتجاج ختم ہونے کے بعد لاہور کے تمام داخلی و خارجی راستے کھلے ہیں، راوی پل، پرانا راوی پل، سگیاں راوی پل سے ٹریفک شہر میں داخل اور باہر جارہی ہے، ۔اسی طرح رائے ونڈ روڈ، فیروز پور روڈ، گجومتہ بھی ٹریفک کیلئے کھلے ہیں،
لاہور رنگ روڈ کو بھی ٹریفک کیلئے کھول دیا گیا جبکہ شہر کے اندر ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں ہے۔دوسری جانب موٹرویز بھی کھلنا شروع ہو گئی ہیں،
پی ٹی آئی احتجاج ختم ہونے کے بعد موٹروے ایم 2، اسلام آباد تا لاہور، اسلام آباد سے پشاور موٹروے ایم ون، لاہور سیالکوٹ، ایم 3 ، ایم 4 اور ایم 5 موٹرویز ہر طرح کی ٹریفک کیلئے کھول دی گئی، ایم 11 سیالکوٹ تا لاہور،موٹروے ایم 14 ہکلہ ڈیرہ اسماعیل خان بھی کھل گئیں