عالمی حج و عمرہ کانفرنس وایکسپوکاچوتھا ایڈیشن،شیڈول جاری، چار روزہ کانفرنس میں 87 ممالک کے وزرا، ممتاز شخصیات اور سفارت کار خصوصی طورپر شرکت کریں گے
جدہ (کشمیر ایکسپریس نیوز) سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر سرپرستی سعودی وزارت حج وعمرہ کے تحت عالمی حج و عمرہ کانفرنس و ایکسپو کا چوتھا ایڈیشن 13 سے 16 جنوری کو جدہ میں ہوگا۔
وزارت حج وعمرہ کی جانب سے ضیوف الرحمان پروگرام کے اشتراک سے منعقد ہونے والی چار روزہ کانفرنس میں 87 ممالک کے وزرا، ممتاز شخصیات اور سفارت کار خصوصی طورپر شرکت کریں گے۔
کانفرنس میں 47 سیشنز، 50 سیمینار ہوں گے جبکہ 100 سے زائد سپیکر حج و عمرہ کے حوالے سے اظہار خیال کریں گے جن میں وزرا ، سفارتکار اورماہرین شامل ہیں۔
حج کانفرنس اور ایکسپو جدہ سپر ڈوم میں ہوگی جو 50 ہزار میٹرمربع رقبے پر محیط ہے جس میں حج وعمرہ سروسز کے حوالے 280 سے زیادہ ادارے اپنا سٹال بھی لگائیں گے ۔
وزارت حج وعمرہ اور حج ایکسپیرینس پروگرام کے اشتراک سے اس ایونٹ کا مقصد حج خدمات میں اضافہ، جدت کو فروغ دینا اور حج سے متعلق انڈسٹری میں شفافیت اور مسابقت کو فروغ دینا ہے۔
وزارت عالمی ماہرین اور شرکا کو اس ایونٹ میں شرکت کی دعوت دیتی ہے۔ رجسٹریشن کی تفصیلات وزارت کی ویب سائٹ پر دستیاب ہیں۔واضح رہے گزشتہ ایڈیشن میں ایک لاکھ سے زائد وزیٹرز نے شرکت کی جبکہ 202 معاہدے ہوئے تھے۔