وزیراعظم کی زیرصدارت کابینہ اجلاس،اہم فیصلوں کی منظوری

وزیراعظم کی زیرصدارت کابینہ اجلاس،اہم فیصلوں کی منظوری

مظفرآباد(کشمیر ایکسپریس نیوز)زادجموں وکشمیر کابینہ کا اجلاس وزیراعظم چوہدری انوارالحق کی زیر صدارت منعقد ہو کابینہ اجلاس کے بعدپی آئی ڈی کمپلیکس میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے حکومت آزادکشمیر کے وزیر خزانہ عبدالماجد خان نے کہاکہ آزادجموں وکشمیر کابینہ نے بھارتی وزیر دفاع کے بیان کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیاہے کہ تحریک آزادی کشمیر کے بیس کیمپ سے بھارت کی جانب سے کسی بھی قسم کی شرانگیزی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

آزادجموں وکشمیر کابینہ نےآزاد کشمیر کے ہنر مند نوجوانوں کیلئے قرضے کی سکیم کی منظوری دیدی ہے جس کے تحت سیاسی وابستگی وصنفی امتیاز سے بالاتر ہو کر بینک آف آزاد جموں و کشمیر کےزیر اہتمام قرضے دیے جائیں گے جبکہ معذور افراد اور ٹرانس جینڈر کا کوٹہ بھی قرضوں میں مختص ہوگا۔

کابینہ اجلاس میں بلدیاتی نمائندوں کیلئے 01ارب روپے کےفنڈ کی بھی منظوری دی گئی ہے۔اجلاس میں عام آدمی کے علاج معالجے کیلئے آزاد کشمیر میں صحت کارڈ کی اجرائیگی کا بھی فیصلہ کیاگیا ہے اس بارے وزیر صحت کو خصوصی ٹاسک دیا گیا ہے۔

کابینہ نے بڑھتے ہوئے ماحولیاتی تبدیلیوں کے ممکنہ نقصانات سے نمٹنے کیلئے وزیر انفارمیشن ٹیکنالوجی سردار ضیاء القمر کی سربراہی میں ٹاسک فورس تشکیل دیدی ہے جو ماحولیاتی تبدیلیوں کے خطرات اور حل کیلئے سفارشات مرتب کرے گی۔کابینہ نےہائر ایجوکیشن کے کنٹریکٹ ملازمین کی پالیسی کی بھی منظوری دیدی ہے۔

وزیرخزانہ عبدالماجد خان نے کہاکہ کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے 05 فروری ”یوم یکجہتی کشمیر“ کو منفرد انداز میں منائیں گے ۔یوم یکجہتی کے موقع پر دارالحکومت مظفرآباد سمیت تمام انٹری پوائنٹس اور ضلعی ہیڈکوارٹرز میں شایان شان طریقے سے تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔

وزیر خزانہ نے کہاکہ آزاد کشمیر میں امن و امان کی صورتحال کافی بہتر ہے، سیاسی وابستگی سے قطع نظر سپیکر اسمبلی پر حملے میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، انسپکٹر جنرل پولیس آزاد کشمیراس معاملے کی خود نگرانی کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز مظالم ڈھا رہا ہے اور مقبوضہ کشمیر کے عوام کو ان کا تسلیم شدہ حق حق خود ارادریت دینے سے گریزاں ہے۔ پاکستان ہمارا وکیل ہے اور کشمیریوں کی ہر محاذ پر سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔

عبد الماجد خان نے کہا کہ 05فروری ”یوم یکجہتی کشمیر“ کے دن اہل پاکستان کشمیری عوام کے ساتھ پاکستان اور دنیا بھر میں اظہار یکجہتی کرتے ہیں امسال بھی نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کے پاکستانی سفارت خانوں میں بھی اس حوالے سے تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بینک آف آزاد جموں و کشمیر سٹیٹ بینک آف پاکستان کی پالیسیوں کے مطابق آگے بڑھ رہا ہے ۔

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.