نومنتخب برطانوی وزیراعظم نے کابینہ کا اعلان کردیا، پاکستانی نژاد خاتون شبانہ محمود بھی شامل
لندن (کشمیر ایکسپریس نیوز)برطانیہ کے نومنتخب وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے اقتدار سنبھالتے ہی اپنی کابینہ کا اعلان کردیا۔
برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر بادشاہ چارلس سے ملاقات کے بعد لندن کی 10 ڈاوننگ اسٹریٹ پہنچے جہاں بڑی تعداد میں لوگوں نے ان کا استقبال کیا،
سرکاری رہائش گاہوں کے باہر عوام سے خطاب کرتے ہوئے لیبر پارٹی کے نئے منتخب وزیر اعظم نے عوام کا بھرپور شکریہ ادا کیا۔
برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے مطابق برطانوی وزیراعظم کی کابینہ میں اینجلا رائنر کو نائب وزیراعظم بنایا گیا ہے جبکہ جان ہیلی وزیر دفاع مقرر ہوگئے ہیں۔
اس کے علاوہ ریچل ریوز وزیر خزانہ اور ڈیوڈ لیمی کو وزیر خارجہ کی ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی نژاد شبانہ محمود وزیر برائے انصاف ہوں گی۔
اس کے علاوہ جوناتھن رینالڈز سیکریٹری تجارت، پیٹر کائل سائنس، جدت اور ٹیکنالوجی کے سیکریٹری بنائے گئے ہیں،
جبکہ لوئیس ہائی کو ٹرانسپورٹ کا سیکریٹری بنایا گیا ہے۔نئے برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے اپنے خطاب میں کہاکہ ہمارے ملک نے تبدیلی کے لیے ووٹ دیا ہے،
کسی بھی ملک کو ایک بٹن دبانے سے تبدیل نہیں کیا جاسکتا، ہمارے ملک کو ایک بڑے ری سیٹ کی ضرورت ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں آگے بڑھنے کی ضرورت ہے، برطانیہ کو ایک بار پھر رہنمائی کرنے والا ملک بنائیں گے، ہر شہری کو احترام کی نظر سے دیکھیں گے، جنہوں ووٹ نہیں دیا ان کی بھی خدمت کریں گے۔
نومنتخب برطانوی وزیراعظم نے کابینہ کا اعلان کردیا، پاکستانی نژاد شبانہ محمود بھی شامل
Comments are closed.