ایف ایف سی کا2025 کی پہلی سہ ماہی میں 13.3 ارب روپے کا منافع، 70 فیصد منافع کا اعلان
راولپنڈی (کشمیر ایکسپریس نیوز) فوجی فرٹیلائزر کمپنی لمیٹڈ (FFC) نے مالی سال 2025 کی پہلی سہ ماہی کے نتائج جاری کر دیے ہیں، جن کے مطابق کمپنی نے 13.3 ارب روپے بعد از ٹیکس منافع حاصل کیا، جو گزشتہ سال کے اسی عرصے کے مقابلے میں 27 فیصد زیادہ ہے۔ بورڈ آف ڈائریکٹرز نے 7.00 روپے فی شیئر (70 فیصد) عبوری کیش ڈیویڈنڈ کا اعلان بھی کیا۔
28 اپریل 2025 کو منعقدہ ایف ایف سی کے بورڈ اجلاس میں مالی نتائج کی منظوری دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ کمپنی نے یوریا کی پیداوار 629 ہزار ٹن اور ڈی اے پی کی پیداوار 168 ہزار ٹن ریکارڈ کی۔ اگرچہ کھاد کی مجموعی مارکیٹ کمزور فارم اکنامکس اور خشک سالی کی وجہ سے دباؤ کا شکار رہی، ایف ایف سی نے بھرپور مارکیٹنگ حکمت عملی کے ذریعے یوریا کا مارکیٹ شیئر 45 فیصد سے بڑھا کر 49 فیصد کر لیا۔
یوریا کی فروخت 538 ہزار ٹن رہی، جو کہ گزشتہ سال کے مقابلے میں 26 فیصد کم تھی، لیکن مجموعی صنعتی کمی کے مقابلے میں کمپنی کی کارکردگی نمایاں رہی۔ کمپنی کے پاس ملک گیر یوریا انوینٹری کا صرف 16 فیصد موجود تھا، جو اس کی فروخت کی صلاحیت اور مؤثر سپلائی چین مینجمنٹ کا مظہر ہے۔
ڈی اے پی کے شعبے میں ایف ایف سی نے 88 ہزار ٹن فروخت کی، جس سے مارکیٹ میں 63 فیصد حصہ حاصل کیا گیا۔ عسکری بینک سمیت دیگر ذرائع سے حاصل ہونے والی آمدنی 7.4 ارب روپے رہی، جس میں 2.8 ارب روپے عسکری بینک سے منافع شامل ہے۔
کمپنی کی فی حصص آمدن (EPS) 9.3 روپے رہی جو کہ گزشتہ سال کے 8.3 روپے فی حصص سے بہتر ہے۔ ایف ایف سی کے مربوط (consolidated) مالیاتی نتائج کے مطابق کمپنی کا منافع 17.6 ارب روپے تک پہنچا، جو کہ گزشتہ سال کی نسبت 39 فیصد اضافہ کو ظاہر کرتا ہے
کمپنی کی انتظامیہ نے اس بات پر زور دیا ہے کہ مضبوط آپریشنز، متنوع آمدنی کے ذرائع، اور مستحکم حکمت عملی کمپنی کو مسلسل ترقی کی راہ پر گامزن رکھے ہوئے ہیں