آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی پوزیشن مضبوط بنانے کی کوششیں تیز
اسلام آباد (کشمیر ایکسپریس نیوز) وزیر اعظم پاکستان جناب محمد شہباز شریف سے آج معروف بزنس مین اور سینٹورس مال کے مالک سردار یاسر الیاس نے ملاقات کی۔ اس اہم ملاقات میں وزیر اعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ، وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر امیر مقام، اور صدر مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر شاہ غلام قادر بھی شریک تھے۔
ملاقات کے دوران ملک کی مجموعی معاشی صورتحال، کاروباری مواقع، سرمایہ کاری کے فروغ، اور بالخصوص آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیر اعظم نے سرمایہ کاری کے فروغ اور نجی شعبے کے کردار کو سراہتے ہوئے حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
سیاسی حلقوں میں اس ملاقات کو خاصی اہمیت دی جا رہی ہے، اور اس حوالے سے مختلف چہ مگوئیاں بھی جنم لے رہی ہیں۔ مبصرین کے مطابق یہ ملاقات آئندہ سیاسی و اقتصادی حکمت عملی کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتی ہے، خصوصاً آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کی پوزیشن کو مستحکم کرنے کے تناظر میں۔

Comments are closed.